حکومت کو پولٹری پر عائد غیر منصفانہ ٹیکسوں پر تحفظات سے آگاہ کر دیا: عبدالباسط

حکومت کو پولٹری پر عائد غیر منصفانہ ٹیکسوں پر تحفظات سے آگاہ کر دیا: ...


لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما، ممتاز ماہر معیشت عبدالباسط نے کہا ہے کہ پولٹری انڈسٹری پر عائد غیر منصفانہ ٹیکسوں کے حوالے سے چیئرمین ایف بی آر سے کامیاب مذاکرات ہوئے ہیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سربراہ کو پولٹری سیکٹر کے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے جنہوں نے حکومتی تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ گزشتہ روز ’’پاکستان‘‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باوجودہ سے خصوصی نشست کے دوران انہیں پولٹری انڈسٹری پر عائد کی جانیوالی ٹیکسیشن پر تفصیلی بات کی جس کا مثبت جواب ملا ۔ انہوں نے کہا کہ ملکی عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں نہایت اہمیت کی حامل صنعت پر غیر حقیقت پسندانہ اور نا مناسب ٹیکس عائد کئے گئے ہیں، فیڈ کی تیاری میں استعمال ہونیوالے خام مال سویا بین میل کی درآمد پر ٹیکس کے ذریعے کی جانیوالی حوصلہ شکنی اور مرغی کے تیار گوشت کی بغیر کسی ٹیکس کے درآمد کے ذریعے حوصلہ افزائی حکومتی ٹیکس پالیسیوں میں تضادات کی جھلک ہے جو لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کرنیوالی پولٹری انڈسٹری کے لئے نہایت مضر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہیے جن سے مقامی صنعت فروغ پائے جبکہ پراسیسنگ پلانٹس پر ٹیکسوں کو زیرو ریٹڈ کر کے ہم مرغی کے گوشت کی ایکسپورٹ کرکے کروڑوں کا ذر مبادلہ بھی پاکستان لا سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بھارت ایکسپورٹ کیلئے سہولتیں فراہم کر رہا ہے اور مرغی کی برآمدات کیلئے 75 سے 90 فیصد تک فریٹ سبسڈی دی جا رہی ہے لہٰذا ہمیں بھی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے مرغی کے گوشت کی برآمدات کیلئے اقدامات کرنا ہونگے کیونکہ پراسیسنگ پلانٹ مرغی کی ویلیو ایڈیشن کا واحد ذریعہ ہیں حکومت کو اس سلسلے میں نصف شرح سود پر قرضے فراہم کرنے چاہیں۔ عبدالباسط کا کہنا تھا کہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام حال ہی میں منعقد ہونیوالی انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو نہایت کامیاب رہی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں غیر ملکیوں نے سٹالز لگائے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری ایکسپو کے کامیاب انعقاد سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا نہایت روشن چہرہ سامنے آیا ہے اور باہر سے آئے ہوئے افراد نے پاکستان کو مشکل حالات کے باوجود ایک ساز گار اور پر امن ملک قرار دیا ہے۔

مزید : کامرس


loading...