بار بار جنگوں سے بچنے کیلئے اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم کرے، بانکی مون

بار بار جنگوں سے بچنے کیلئے اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم کرے، بانکی مون

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نیو یارک (این این آٰئی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے پچھلے کئی سال سے غزہ کی پٹی کے معاشی محاصرے سے بار بار جنگ کی کیفیت پیدا ہو رہی ہے، جنگوں سے بچنے کیلئے غزہ کا محاصرہ فوری ختم کیا جائے۔ بانکی مون نے یہ بات نیویارک میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتو یاہو سے ملاقات کے دوران کہی۔ بانکی مون کے دفترسے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماو¿ں کے درمیان ون آن ون ملاقات بند کمرے میں ہوئی۔ اس موقع پر عالمی ادارے کے سربراہ نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا کہ مستقبل میں جنگ سے بچنے کیلئے غزہ کی پٹی پر عائد اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو حقیقی معنوں میں سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے مگر غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی کا خاتمہ امن کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ بانکی مون نے مقبوضہ عرب علاقوں میں اسرائیل کی توسیع پسندی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے مابین مذاکرات جلد از جلد شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو اور بحالی کے سلسلے میں جاری پیش رفت پر بھی بات چیت کی گئی۔ بانکی مون نے فلسطینی اتھارٹی، اقوام متحدہ اور اسرائیل کے درمیان غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کےلئے معاہدے کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تعمیر نو کے پروگرام پر عملدرآمد میں کسی قسم کی تاخیر نہیںہو گی اور اسرائیل غزہ کی پٹی میں تعمیراتی سامان لے جانے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرےگا۔

مزید :

عالمی منظر -