لندن میں ٹیلیفون بوتھ کا رنگ بھی تبدیل کیا جا رہا ہے

لندن میں ٹیلیفون بوتھ کا رنگ بھی تبدیل کیا جا رہا ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن (بیورورپورٹ) برطانوی دارالحکومت لندن اپنی ڈبل ڈیکر بسوں، کالی رنگ کی ٹیکسیوں اور سرخ رنگ کے ٹیلیفون بوتھس کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ ڈبل ڈیکر کے ڈیزائن میں تو تبدیلی کے بعد اب ٹیلیفون بوتھ کا رنگ بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔سرخ رنگ کے ٹیلیفون بوتھس کا ڈیزائن دنیا بھر میں لندن شہر کی پہچان ہے۔ تاہم اب حکام نیان ٹیلیفون باکسس کا رنگ تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ آئندہ سے یہ سرخ کے بجائے سبز رنگ کے ہوں گے اور ان کا نظام شمسی توانائی پر منحصر ہو گا۔ اس کے علاوہ شہری ان بوتھس میں اپنا موبائل فون بھی چارج کر سکیں گے۔موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال نے بوتھس کے نظام کو کافی نقصان پہنچایا ہے اور عام شہری اب شاذ و نادر ہی انہیں استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ حکام کے بقول ان بوتھس کا رنگ تبدیل کرنا اور صارفین کو ان میں دیگر سہولیات مہیا کرنا اس برطانوی قومی نشانی میں جان پھونکنے کی ایک کوشش ہے۔ شمسی توانائی سے چلنے والے پہلے گرین باکس کو بدھ کے روز ٹوٹنہام کورٹ روڈ پر انڈر گرانڈ اسٹیشن پر نصب کیا گیا ہے۔ اس کا شمار شہر کے مصروف ترین علاقوں میں ہوتا ہے اور آکسفورڈ اسٹریٹ قریب ہونے کی وجہ سے یہاں خریداروں کا تانتا بندھا رہتا ہے۔نئے سبز باکس کی چھت پر سولر پینل لگا ہوا ہے۔ ان باکسس کے اندر چار مختلف قسم کے چارجرز موجود ہیں، جن کی مدد سے شہری اپنے موبائل فون اور ٹیلبٹ کمپیوٹرز چارج کر سکتے ہیں۔ لندن اسکول آف اکنامکس سے فارغ ہونے والے گریجویٹ ہیرلڈ کارسٹن ان گرین باکس کے شریک بانی ہیں۔ انہوں نے اپنی اس تخلیق کے بارے میں بتایا، ان سولر باکسس میں توانائی محفوظ کرنے کے لیے ایک بیٹری لگائی گئی ہے۔
اس وجہ سے رات میں اور اس وقت بھی ٹیلیفون چارج کیا جا سکتا ہے، جب سورج نہ نکلا ہوا ہو۔کارسٹن کے بقول نے مزید کہا کہ زیادہ تر ٹیلیفون باکسس اپنی اہمیت کھو چکے ہیں اور نشے میں دھت اکثر افراد انہیں بیت الخلا کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اگلا سولر باکس جنوری میں نصب کیا جائے گا اور اس کے بعد ان کی تنصیب کا سلسلہ تیز تر ہو جائے گا۔لندن کے میئر بورس جانسن نے اس نئی تخلیق کے بارے میں کہا، اس جدید دنیا میں شاید ہی لندن کا کوئی شہری ہو جو بغیر کسی الیٹکرانک ڈیوائس کے گھر سے نکلتا ہو۔ اور اس طرح ہم نے لندن کی پہچان کے طور پر مشہور ان ٹیلیفون باکسس کو 21 ویں صدی کے تقاضوں کے عین مطابق بنا دیا ہے۔سرخ رنگ کے ٹیلیفون باکسس 1936 میں ڈیزائن کیے گئے تھے اور K6 نامی یہ باکسس پورے برطانیہ میں نصب کیے جانے والے پہلے ٹیلیفون بوتھس تھے۔ 1968 میں جب ان کی پیداوار روک دی گئی تھی تو اس وقت تک ملک بھر میں ستر ہزار کے لگ بھگ سرخ باکسس موجود تھے۔ آج کل برطانیہ میں اس طرح کے تقریبا گیارہ ہزار بوتھس ہیں اور ان میں سے زیادہ تر بے کار ہو چکے ہیں اور ان پر صرف حکومتی رقم ہی خرچ ہو رہی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -