اغوابرائے تاوان کیس میں پیش نہ ہونے پر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے اغوابرائے تاوان کیس میں پیش نہ ہونے پر تفتشی آفیسر اور مقدمہ مدعی سمیت اغوا ہونے والے عطر جاوید کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں تھانہ اقبال ٹاون پولیس نے عطرجاوید کے اغوا کا چالان عدالت میں پیش کیا جس میں ملزمان پر الزام تھا کہ انہوں نے بھاری تاوان کی خاطر عطرجاوید کو اغوا کیاتھا ۔چالان عدالت میں جمع ہونے کے بعد عدالت نے مقدمے کے مدعی عبدالحفیظ اغوا ہونے والا تاجر عطر جاوید اور مقدمے کے تفتیشی اے ایس آئی محمد اشرف کومتعدد ابر ان کی طلبی کے نوٹس جاری کرئے لیکن وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے گزشتہ روز سماعت کے بعد مذکورہ بالا احکامات جاری کردیئے ہیں۔