بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ،سپریم کورٹ نے پنجاب، سندھ اورخیبر پختونخواحکومت کو نوٹسز جاری کردیئے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کرنے پر پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا حکومت اور اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات میں تاخیرسے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ناصر الملک کی سر براہی میں ہوئی۔ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر عدالت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق مسودہ ایک ہفتہ میں جاری کر دیا جائے گا جس پر جسٹس عظمت کا کہنا تھا کہ معافی آئین سے مانگیں جو معاف نہیں کرتا، تینوں صوبوں نے بلدیاتی انتخابات کے لئے کچھ نہیں کیا ہے ۔ جسٹس عظمت کا کہنا تھا کہ صوبے عمل کرنے کے بجائے عذر پیش کر ہے ہیں، عدالت حکم دیتی ہے مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، کیا سپریم کورٹ کو وفاقی اور صوبائی دفاتر لے جائیں؟۔
بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کرنے پر چیف جسٹس ناصر الملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک صوبے نے بلدیاتی انتخابات کے لئے کچھ نہیں کیا۔ عدالت عظمی نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا حکومت کے ایڈوکیٹ جنرلز کے ساتھ ساتھ اٹارنی جنرل کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔