ریلوے پولیس پنجاب پولیس کے نقش قدم پر چل پڑی
لاہور (ویب ڈیسک) ریلوے پولیس نے پنجاب پولیس پر بازی لے جاتے ہوئے 1993ءوفات پانے والے شہری کے خلاف ریلوے کی زمین پر قبضہ کا مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں مرحوم نعیم کے بیٹے نے مقدمہ خارج کر وانے کے لیے درخواست جمع کر وادی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج یاسر ندیم نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے موقع پر متوفی نعیم کے بیٹے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسکے والد کو فوت ہوئے 21سال ہو گئے مگر اسکے باوجود ریلوے پولیس نے اسکے والد پر ریلوے اراضی ہتھیانے کا مقدمہ درج کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقدمہ درج کر کے اسکے مرحوم باپ کی نیک نامی اور شہرت کو داغدار کرنے کی کوشش کی جو بنیادی انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہے۔ فاضل عدالت نے ریلوے حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 اکتوبر کو جواب طلب کر لیا ہے ۔