بجلی کی اووربلنگ ،سٹیج فنکار بھی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے

بجلی کی اووربلنگ ،سٹیج فنکار بھی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے
بجلی کی اووربلنگ ،سٹیج فنکار بھی حکومت کے خلاف پھٹ پڑے

  

لاہور (ویب ڈیسک) بجلی کی اووربلنگ کے خلاف سٹیج فنکار بھی پھٹ پڑے،انہوں نے حکومت سے ڈیم بنانے اور بجلی چوروں کو پکڑنے کا مطالبہ کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق دوسرے مکاتب فکر کی طرح سٹیج فنکار بھی بجلی کی اووربلنگ کا شکار ہوئے ہیں۔ اداکار نسیم وکی نے کہا کہ بجلی کا بل اتنا زیادہ آیا ہے کہ بل دیکھ کر چوہے کے ”بل“ میں چھپنے کو دل کرتا ہے۔ اداکار آصف اقبال نے کہا کہ اووربلنگ اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ اب چاہیں حکومت کو دھرنوں سے کوئی فرق پڑے یا نہ پڑے مگر اووربلنگ کی وجہ سے فرق ضرور پڑے گا۔ اداکارہ میگھا نے کہا کہ بجلی استعمال کریں یا نہ کریں مگر بل پہلے کے مقابلے میں ڈبل ٹرپل آتا ہے۔ اداکارہ پریا خان نے کہا کہ سٹیج پر اداکاری کے اتنے پیسے نہیں ملتے جتنا بجلی کا بل آجاتا ہے۔ اداکار عابد چارلی نے کہا کہ میں پچھلا پورا مہینہ فیصل آباد میں رہا، جب واپس آکر گھر کا دروازہ کھولا تو بجلی کا بل دروازے میں پڑا تھا جو کئی ہزار کا تھا۔ اداکارہ عابدہ بیگ نے کہا کہ بجلی کے بلوں کی وجہ سے گزارا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔اداکارہ خوشبو کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ڈیم بنائے تاکہ بجلی کی پیداوار پوری ہو۔ الفلاح تھیٹر کے چیئرمین ارشد چودھری نے کہا کہ پہلے تھیٹر کا بل ڈیڑھ لاکھ روپے آتا تھا مگر اب ساڑھے تین لاکھ روپے آیا ہے، تھیٹر کا کاروبار تو پہلے ہی دھرنوں اور سیلاب کی وجہ سے ختم ہوچکا ہے، رہی سہی کسر بجلی کے بلوں نے پوری کردی ہے۔

مزید : تفریح