وفاق نے 5نئے کرکٹ گراﺅنڈ بنانے کا اعلان کردیا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی حکومت نے پشاور میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پانچ نئے گراونڈز کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر برائے کھیل چوہدری سلیم نے ریجنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ جیتنے والی پشاور پینتھر کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ کے دوران گراﺅنڈز کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں پانچ مختلف مقامات پر کرکٹ گراونڈز کی تعمیر کا سروے کر لیا گیا ہے جن پر جلد ہی کام کا آغاز ہو جائےگا۔ چوہدری سلیم کے مطابق پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کیلئے وزیراعظم اسپورٹس ڈویلپمنٹ پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔