دومختلف واقعات میں دنیانیوز کا نمائندہ اور کیمرہ مین جاں بحق
حافظ آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )حافظ آباد کے علاقے کالیکی منڈی میں فائرنگ سے روزنامہ دنیا کے نمائندے ندیم حیدر جبکہ لاہور میں کیمرہ مین ممتاز کھوکھر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فائرنگ کا نوٹس لے کر ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی۔
تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کے علاقے کالیکی منڈی میں روزنامہ دنیا کے نمائندے ندیم حیدر اپنے سکول میں بچوں کو پڑھا رہے تھے کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے ندیم حیدر موقع پر جاں بحق ہو گئے اور ملزم فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کر دیا ہے ۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے روزنامہ دنیا کے نمائندے ندیم حیدر کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او حافظ آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔
دوسری طرف دنیا نیوز کے کیمرہ مین لاہور میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ دنیا نیوز کے مطابق ممتاز کھوکھر دفتر سے گھر جارہے تھے کہ سندر داس روڈ پر تیز رفتار کار نے ممتاز کھوکھر کی موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔