پاک بھارت کرکٹ سیریز بحال کی جائے ٗ وسیم اکرم
اسلام آباد (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز بحال کی جائے ٗامید ہے بھارتی وزیر اعظم ٹیم کو دورے کی اجازت دے دیں گے ۔ایک انٹرویو میں سابق کپتان نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے ساتھ کرکٹ کا بائیکاٹ ختم کر دینا چاہئے، میں بھارتی وزیر اعظم سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے طے شدہ سیریز کھیلنے پر آمادہ کریں کیونکہ پوری دنیا کے شائقین کرکٹ دونوں ممالک کے مابین کرکٹ دیکھنے کے لئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کو خاص اہمیت حاصل ہے، دونوں ممالک کے بیچ کرکٹ نہ ہونے سے کھیل کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی وزیر اعظم ٹیم کو دورے کی اجازت دے دیں گے۔