پاکستان سپر لیگ کا بیرون ملک انعقاد بے کارمشق ہے: عمران خان
لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے پاکستان سپر لیگ کے بیرون ملک انعقاد کو بے کارمشق قرار دیتے ہوئے اسے اپنے ملک میں منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ عمران خان نے کہاکہ پی ایس ایل کے بیرون ملک انعقاد سے شاید آپ ریوینیو تو جمع کرلیں مگر اس سے پاکستان میں کرکٹ کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے ملک میں کرکٹنگ سسٹم کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بورڈ ٹیلنٹ نکھارنے میں ناکام ہوچکا، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تاخیر سے ٹیم میں شمولیت بھی سسٹم کے لیے اچھی بات نہیں ہے۔عمران خان نے الزام لگایاکہ نجم سیٹھی کو نوازنے کے لیے بورڈ میں عہدہ دیا گیا۔