سکوائش میں ٹاپ رینکنگ کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے، قمرزمان

سکوائش میں ٹاپ رینکنگ کیلئے سخت محنت کی ضرورت ہے، قمرزمان

پشاور(این این آئی)پاکستان کے کھلاڑیوں کو ٹاپ رینک تک رسائی کیلئے سخت محنت اور جدوجہد کرنی پڑیگی محنت کے بغیر ٹاپ رینکنگ میں جگہ بنانا مشکل ہے یہ بات سابق ورلڈ چیمپئن اور پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمرزمان نے پاکستان سپورٹس بورڈ محب اﷲ سکواش اکیڈمی کے کھلاڑیوں میں ریکٹس اور یونیفارم تقسیم کرنے کے دوران کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس پی ایس بی کوچنگ سنٹر پشاور ورلڈ نمبر ٹو محب اﷲ خان، پشاور پریس کلب کا سابق صدر سینئر صحافی ایم ریاض سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمرزما ن نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور نیشنل ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں کو اپنے کھیل پر مکمل عبور حاصل ہے لیکن کھلاڑیوں کی محنت نہ کرنے کی وجہ سے پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی ورلڈ سطح پر ٹاپ رینک حاصل نہیں کرسکا ۔انہوں نے اکیڈمی کے کھلاڑیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ سکواش میں اچھے مقام تک پہنچنے کیلئے سخت محنت کریں انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن اس ضمن میں کھلاڑیوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کررہی ہے اور ان سہولتوں سے کھلاڑیوں کو فائدہ حاصل کرنا چاہیے ۔محنت ہی وہ ذریعہ ہے جس کی وجہ سے کھلاڑی سکواش میں اپنا مقام حاصل کرسکتا ہے انہوں نے اکیڈمی کے کوچز پرویز علی ، شہزاد محب اور ٹرینر محمد عادل خان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کی وجہ سے اکیڈمی کے تمام کھلاڑی مختلف ایج گروپ میں نمبر ون نمبر دو اور نمبر تین کی پوزیشن پر ہیں ۔

قمرزمان نے اس موقع پر کہا کہ وہ ڈی جی پی ایس بی اخترنواز گنجیرہ سے اکیڈمی میں جونیئر گرلزکھلاڑیوں کو شامل کرنے کے حوالے سے بات کرینگے۔جونیئر گرلز کھلاڑیوں میں لائبہ اعجاز، نائمہ خالد، کائنات اور نرما شامل ہیں ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی