حکمران کشمیر کی آزادی کیلئے عملی اقدامات کریں،پیر اعجاز ہاشمی
لاہور ( پ ر) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے وزیر اعظم نواز شریف کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کوقومی امنگوں کی ترجمانی قراردیتے ہوئے زوردیا ہے کہ محض باتیں نہیں، کشمیر کی آزادی کے لئے عملی اقدامات بھی کئے جائیں ایرانی صدر حسن روحانی کا فلسطین کے حوالے سے خطاب بھی قابل تعریف ہے امت کو متحد کرنے کی جو بھی بات کرے گا، اس کی حمایت کریں گے ہمیں اپنے گروہی اور مسلکی تعصبات سے بالاتر ہوکر اسلام اورمسلمانوں کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پارلیمنٹ اور عسکر ی اداروں کی ترجمانی کی ہے جسے ہرشخص سراہنے پر مجبور ہے جبکہ بھارتی اور امریکی لابی کو پریشانی لاحق ضرورہوئی ہے کیونکہ اس سے بھارتی مظالم بے نقاب ہوئے ہیں ، جس کے پیچھے امریکی صدر باراک اوبامہ کو اپنا مکروہ چہرہ بھی نظر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے ماضی کے کشمیر ایشو پر حکومتی کوتاہیوں اور غفلتوں کا الزام دھو نے کی کوشش کی ہے امیدہے کہ محض زبانی دعووں کے ساتھ اب کشمیر کی آزادی کے لئے بھارت پر دباؤ بڑھانے کے لئے سفارتی روابط کے ساتھ کشمیریوں کی سیاسی اور اخلاقی مدد بھی کی جائے گی۔کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے کی ترجیحات میں شامل نظر نہیں آتالیکن دنیا جانتی ہے کہ کشمیریوں نے اپنی جدوجہد سے ثابت کردیا ہے کہ وہ نہ صرف ہندوستان سے آزادی چاہتے ہیں بلکہ الحاق پاکستان کے بھی خواہشمند ہیں۔