لاہور چیمبر آف کامرس نے اْردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کردیا

لاہور چیمبر آف کامرس نے اْردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کردیا

لاہور(اپنے خبر نگار سے) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے قومی زبان اْردو کو بطور سرکاری زبان نافذ کردیا ہے اور اس طرح ملک کا پہلا چیمبر بن گیا ہے جس نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر عمل درآمد کیا ہے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد عملی جناح نے اردو کو پاکستان کی قومی زبان قرار دیا تھا ،آرٹیکل 251کے تحت بھی پاکستان کی قومی زبان اْردو ہے لیکن بدقسمتی سے سابق حکومتوں کی جانب سے کوششوں کے فقدان کی وجہ سے اْردو قومی زبان کے طور پر نافذ نہیں ہوسکی۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ اگر چین اور جرمنی جیسے انتہائی ترقی یافتہ ممالک اپنا زیادہ تر کام اپنی قومی زبان میں کررہے ہیں تو ہم ایسا کیوں نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کا تاریخی فیصلہ بہت دور رس نتائج کا حامل ہوگا، اس سے تاجروں اور عوام کے بہت سے مسائل حل ہونگے کیونکہ زیادہ تر سرکاری دستاویزات اور فارم وغیرہ انگریزی زبان میں جاری کیے جارہے تھے جنہیں سمجھنا اکثریت کے لیے بہت مشکل تھا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے تمام سرکاری محکموں پر زور دیا کہ وہ اْردو کو قومی زبان کے طور پر اپنائیں اور اپنے تمام قواعد و ضوابط ، ایکٹ اور ویب سائٹس کا اْردو میں ترجمہ کریں۔

مزید : علاقائی