جماعت اہلسنت کی اپیل پر سانحہ منیٰ کے شہداء کیلئے یوم دعا منایا گیا

جماعت اہلسنت کی اپیل پر سانحہ منیٰ کے شہداء کیلئے یوم دعا منایا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار)جماعت اہلسنت کی اپیل پر ملک بھر کی مساجد میں گزشتہ روذسانحہ منیٰ کے شہداء کے لئے یوم دعا منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں مساجد میں شہدائے منیٰ اور زخمیوں کی جلد صحت یابی اور گمشدہ حاجیوں کی بازیابی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ مفتی پیر سید مصطفی رضوی، پیر سید شاہد حسین گردیزی، مفتی غلام حسن، مفتی محبت علی رضوی، علامہ سید اقبال حسین شاہ، مولانا محمد علی رضوی، علامہ محمد آصف جامی اور دیگر نے مختلف مقامات پر جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ منیٰ کا تمام ملبہ حجاج کی کوتاہی پر ڈال کر کوئی بھی بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔ سانحہ منیٰ کوئی پہلا حادثہ نہیں دورانِ حج ہر سال کنکریاں مارتے وقت دھکم پیل ہوتی ہے۔ جس کا آج تک ازالہ نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں سانحہ منیٰ میں اپنے شہداء اور زخمی حجاج کی فہرست جاری کردی ہے۔ پاکستان میں 9 دن گزرنے کے باوجود مذہبی امور کے نااہل عملے نے فہرست جاری نہیں کی۔ لاپتہ شہداء اور زخمیوں کے ورثاء انتہائی قرب میں مبتلا ہیں جو وزارت مذہبی امور اور ڈی جی حج کو دعائیں دینے کی بجائے بددعائیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی امور کے وزیر اور ڈی جی حج اس الزام کی میڈیا پر آکر وضاحت کریں کہ اس مرتبہ انہوں نے خدام الحجاج میں اپنے من پسند افراد کو سعودی عرب بھیجا جو حاجیوں کی خدمت کرنے کی بجائے اپنے حج میں مصروف رہے۔ حکمران اس بات کا نوٹس لیں اگر درست ہے تو پھر ان سے استعفیٰ لے کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

مزید :

علاقائی -