سرتاج عزیز سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیا ل
نیویارک(اے این این)مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں پاکستان کو بجلی اور گیس درآمد کرنے سمیت دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیاگیا ۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ جمعہ کے روز نیو یارک میں ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال سمیت سیاسی اور تجارتی تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔دونوں ممالک کے وزراء نے ایران پر عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے سمیت پاکستان کو بجلی اور گیس برآمدکرنے پر تفصیلی بات چیت اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے بڑھانے پر اتفاق کیاگیا ۔دریں اثناء ایرانی وزیر خارجہ نے قبرص کے ہم منصب لونس کوسولائیڈز کیساتھ بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان خطے کے بڑے مسائل کے حل کیلئے بات چیت جاری رکھنے کا تہیہ کیاگیا ۔جواد ظریف نے اس امید کا اظہار کیاکہ ایران شامی اور یمنی بحران کے حل کیلئے اپنے تعمیری کردار کو آگے بڑھائے گا ۔