تعلیمی فنڈ سیاسی مداخلت سے پاک ،2016میں 2لاکھ طلبہ کو وظائف دینگے ،شہباز شریف

تعلیمی فنڈ سیاسی مداخلت سے پاک ،2016میں 2لاکھ طلبہ کو وظائف دینگے ،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکی سالانہ رقم2ارب سے بڑھا کر 4ارب روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ایک سال میں فنڈ کے تحت2لاکھ مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف دےئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت فاٹا سے تعلق رکھنے والے ذہین طلباء و طالبات کومیرٹ کی بنیاد پر ایم ایس سی کی تعلیم کیلئے سکالرشپ دینے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بیٹے اوربیٹیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی غرض سے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے اور جب تک ملک کے ہر بچے اوربچی کوتعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرلیتے تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس امر کااعلان گزشتہ روز ایوان اقبال میں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے زیر اہتمام 1لاکھ طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کا ہدف مکمل ہونے پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت 1لاکھ غریب خاندانوں کے ذہین بچوں اوربچیوں کوزیورتعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے میرٹ کی بنیاد پر وظائف دےئے گئے ہیں اوراگلے ایک برس میں ایک لاکھ مزید مستحق اورذہین طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف دےئے جائیں گے۔جس کے لئے تعلیمی فنڈکا سالانہ حجم 2ارب روپے سے بڑھا کر4ارب روپے کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وظائف کی فراہمی کے اس عظیم الشان پروگرام میں نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ ، بلوچستان،خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر،فاٹااورگلگت بلتستان کے کم وسیلہ مگر محنتی و قابل طلباء و طالبات کو شامل کیاگیا ہے ،جس سے قومی یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے ۔ پاکستان کی تمام اکائیاں ترقی کریں گی تو تب ہی پاکستان ترقی کرے گااوراسی مقصد کے پیش نظرپنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت قوم کے 1لاکھ بیٹے اوربیٹیاں تعلیمی وظائف حاصل کرچکے ہیں اور اربوں روپے کے اس فنڈ کی آمدن سے5ارب61کروڑ روپے انتہائی ذہین اورقابل بچے اوربچیوں میں تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈنے مشکل ترین حالات میں ہتھیار نہ ڈالنے والے قوم کے قابل بیٹے اور بیٹیوں کیلئے اعلی تعلیم کے دروازے کھولے ہیں اور آج کی پر وقار تقریب اشرافیہ کے بچوں کی توقیر کیلئے نہیں بلکہ محنت کی عظمت کو سلام کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے ۔تقریب میں ایسے پیف سکالرز موجود ہیں جنہوں نے غریب گھرانوں میں آنکھ کھولی اور پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے اعلی تعلیم حاصل کی۔تقریب میں موجود پیف سکالرز ،تمنداروں،زمینداروں ،سرمایہ داروں ،سیاستدانوں،ججوں،جرنیلوں اوراعلی حکام کی بجائے ان کروڑوں پاکستانی بچوں کی نمائندگی کررہے ہیں جن کے والدین نے مشکل حالات میں بھی اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیااور و ہ ایسے عظیم پاکستانی ہیں،جن کا شعارمحنت ،امانت اور دیانت ہے۔یہ عظیم لوگ قیام پاکستان سے اپنے حق سے محروم رہے اوران کا یہ حق اشرافیہ نے چھین رکھا تھا لیکن پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے ذریعے یہ حق انہیں دیا ہے اور بلاشبہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈقائدؒ اوراقبالؒ کے خواب کی حقیقی تعبیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیف سکالرزناصر محمود،صباء صفدراورعرفان سیموئل جیسے کروڑوں بچے موجود ہیں جو تعلیم کی تڑپ تو رکھتے ہیں لیکن ان کی غربت حصول تعلیم میں حائل ہے اوران پر معیاری تعلیم کے دروازے بند ہیں۔یہ اس لئے نہیں کہ وہ ذہین اور محنتی نہیں ہے بلکہ یہ صرف اس لئے ہے کہ ان کے پاس تعلیم کیلئے وسائل موجود نہیں۔پنجاب حکومت نے ایسے ہی ہیروں کو تراشنے کیلئے دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈقائم کیا ہے جس میں غریب خاندانوں کے ذہین و قابل بچے اوربچیوں کیلئے ملکی و غیر ملکی اعلی تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کے مواقع پیدا کیے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران چین کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنی محنت اورجہدمسلسل کی بدولت عسکری اورمعاشی لحاظ سے دنیا کی دوسری بڑی طاقت بن چکا ہے ،جس کے زر مبادلہ کے ذخائر 4ٹریلین ڈالرجبکہ گزشتہ 30برس کے دوران اس نے اوسطاً شرح نمو9.9فیصدحاصل کی ہے اور 50کروڑ لوگوں کو خط غربت سے نکالا ہے ۔آج دنیا میں چین کی ترقی کا طوطی بول رہا ہے جبکہ ہم اپنی آزادی کے 68سال مکمل ہونے کے بعد آج بھی ملک سے غربت ،جہالت اوربے روزگاری کے اندھیرے دور کرنے کے صرف وعدے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائدؒ و اقبالؒ کے فرمودات کا تذکرہ تو کرتے ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کرتے ۔جن قوموں نے عملی اقدامات کیے وہ آج آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے ،جفاء کش کسان ا ور محنتی قوم ہونے کے باوجود پاکستان آج بھی ترقی کے لحاظ سے پیچھے ہے،جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ہم نے ترقی کا سفر شروع کردیا ہے ۔پیف سکالرز کے ذریعے یہ کارواں آگے بڑھے گا ہم اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے تعلیم، صحت اوردیگر شعبوں میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈکے تعاون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیفڈسکل ڈویلپمنٹ،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھرپور تعاون کررہا ہے جس پر ہم اس کے شکرگزار ہیں ۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکے پروگرام میں ڈیفڈ ہمارااس لئے پارٹنر ہے کہ وہ ہماری شفافیت اورمیرٹ کی پالیسی سے آگاہ ہے اور وہ یہ بھی جان چکا ہے کہ یہ تعلیمی فنڈ کسی بھی قسم کی سیاسی مداخلت سے بالکل پاک ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں دوستوں کی محبت سے دی جانے والی غیر مشروط امداد تو قبول ہے لیکن مشروط امداد قطعاً قبول نہیں ۔ڈیفڈتعلیم اورصحت کے شعبے میں تعاون کررہا ہے اوروظائف کی فراہمی کے پروگرام بھی اس کا تعاون غیر مشروط اورمحبت بھرا ہے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے وائس چےئرمین پیف ڈاکٹرامجد ثاقب،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ،سیکرٹری تعلیم،جسٹس (ر) عامر رضا اور پیف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ تعاون نہ کرتے تو میری کاوشیں ادھوری رہتیں۔میں ان سب کا بے حد ممنون ہوں اورہم انشاء اللہ ملکر ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے اوروطن عزیزسے جہالت کے اندھیرے دور کریں گے اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔قبل ازیں وائس چےئرمین پیف ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج تاریخی دن ہے جب پیف کے تحت 1لاکھ سکالرز شپ کا ہدف حاصل کرلیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ 7سال قبل لگایا گیا پودا تناآور درخت بن چکا ہے جس کے سائے اورپھل سے غریب گھرانوں کے لاکھوں ذہین بچے مستفید ہورہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تاریک راتوں میں دیا جلانے کا جو عہد اورعزم وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کیا تھا وہ پورا ہوچکا ہے اور پیف پاکستان کا سب سے بڑا فنڈ بن چکا ہے اور اس فنڈ کے تحت غریب گھرانوں کے ذہین بچے لمز،نسٹ،فاسٹ،جی سی اوردیگر ملکی و غیر ملکی باوقار تعلیمی اداروں میں اپنی تعلیمی پیاس بجھا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف نے تعلیمی فنڈ قائم کر کے جو تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ہے اس کے تحت اب اپنے بچے کو تعلیم دلانے کیلئے کسی ماں کا آنچل آنسوؤں سے نم نہیں ہوگااورنہ ہی کسی کی امید دم توڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ درد مندشخصیت ہیں اوروہ علم دوست وزیراعلیٰ ہیں،انہوں نے تعلیمی فنڈ کے ذریعے ہیرے تراش کرنئی تاریخ رقم کی ہے ۔وائس چانسلر پنجاب یورنیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ پیف نے تعلیم کا انقلاب بر پا کردیا ہے ،چند برس پہلے بویا گیا بیج ایک بارآور درخت بن چکا ہے ۔جس کی گھنی چھاؤں سے لاکھوں افراد دھوپ سے ہمیشہ کیلئے محفوظ ہوچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جن کی کاوشوں سے کم وسیلہ خاندانوں کے بچے اور بچیاں اعلی تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈغالباً دنیا کا سب سے بڑا فنڈ بن چکا ہے ۔یوکے ایڈ کی مسز جوڈتھ ہربرٹسن(Ms.Judith Herbertson) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیف فروغ تعلیم میں انتہائی اہم کردارادا کررہا ہے ۔برطانیہ فروغ تعلیم کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی فروغ تعلیم کیلئے کاوشیں لائق تحسین ہیں اورشہبازشریف کی متحرک قیادت کی بدولت پنجاب میں تعلیمی شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔فروغ تعلیم کے حوالے سے پنجاب حکومت کی پالیسیاں بارآور ثابت ہورہی ہے ۔پیف کے ذریعے غریب خاندانوں کے بچوں کو حصول تعلیم میں مدد مل رہی ہے ۔میں پیف کے قیام پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے ’’پڑھوپنجاب اور بڑھو پنجاب‘‘کا بھی شاندار پروگرام شروع کیا ہے جس کے تعلیمی شعبے پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔تقریب میں وزیر مملکت بلیغ الرحمان،وائس چےئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود،چےئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین،صوبائی وزراء ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،کالم نگاروں ،دانشوروں ،ماہرین تعلیم، پیف سکالرز ،ان کے والدین،یورنیورسیٹوں کے وائس چانسلر ز،اساتذہ اورمعاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعدا د میں شرکت کی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اورعوام کو ڈینگی کے مرض سے بچانے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھایا جائے جو انسانی بس میں ہے۔ اِن ڈور سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے۔انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے تمام اقدامات کی موثر مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے یہ ہدایت گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ لاہور اور راولپنڈی کے کمشنر آفس میں ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں انسداد ڈینگی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر انتظامات انتہائی ضروری ہیں۔ راولپنڈی میں وضع کردہ طریقہ کار پر مکمل عملدرآمد کیا جاتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات میں کوئی غفلت یا کوتاہی کسی قیمت پر قبول نہیں۔ ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کو فعال انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ متعلقہ ادارے اور محکمے مربوط انداز میں فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور اور وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید فوری طور پر راولپنڈی پہنچ کر انسداد ڈینگی انتظامات کا جائزہ لیں جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود اور مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کو ملتان جا کر صورتحال کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی مکمل دیکھ بھال اور علاج معالجے پر خصوصی توجہ دی جائے۔متعلقہ اداروں کو عوام کو ڈینگی کے مرض سے بچانے کیلئے فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہے ، اس ضمن میں کسی قسم کے تساہل یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ منتخب نمائندے، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے دن رات محنت کرکے مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے جت جائیں۔ سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور، رانا مشہود احمد، تنویر اسلم ملک، ڈاکٹر فرخ جاوید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ حکام جبکہ کمشنر آفس راولپنڈی سے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، اراکین اسمبلی، چیف سیکرٹری، کمشنر راولپنڈی ڈویژن، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور متعلقہ سیکرٹریز شریک ہوئے۔

مزید :

صفحہ اول -