ہمت تھی توعمران میدان سے بھاگنے کی بجائے مقابلہ کرتے،حمزہ شہباز

ہمت تھی توعمران میدان سے بھاگنے کی بجائے مقابلہ کرتے،حمزہ شہباز

لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بہتر ہوتا کہ للکارے اور بڑھکیں مارنے کے شوقین میدان چھوڑ کر بھاگنے کی بجائے ہمت دکھاتے اور 11 اکتوبرکو مسلم لیگ(ن) کے سردار ایاز صادق کا مقابلہ کرتے،کرکٹ کے میدان میں آؤٹ ہونے پرغصے سے کریز پر بلا مارنے والے عمران خان نے خود الیکشن لڑنے کی بجائے ایسے شخص کو امیدوار نامز کرکے قوم سے مذاق کیا ہے جس کا تعلق قبضہ گروپ سے ہے اور جو نیب سے پلی بارگین کرکے پیسے دینے کی بجائے رقم معاف کروا چکا ہے۔مسلم لیگ (ن) این اے 122 سے یونین کونسلز کوآرڈینیٹرزکے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ حلقہ اور لاہور شہر میاں محمد نواز شریف سے محبت کرنے والوں کا ہے جہاں سے انشاء اللہ 11اکتوبر سردار ایاز صادق پہلے سے بھی کہیں زیادہ اکثریت کے ساتھ جیتیں گے ۔انہوں نے چیلنج کیا کہ تحریک انصاف کے جہانگیر ترین نے مشرف دور میں کروڑوں روپے کا قرضہ معاف کروایا تھا ، جہانگیر ترین اور عبدالعلیم دونوں کے خلاف کاغذی ثبوت موجود ہیں۔ضمنی انتخاب میں عوام کی عدالت بہترین فیصلہ دے گی اور انشاء اللہ باشعور عوام ماضی کی طرح شیر کو ہی کامیاب کروائیں گے۔ایک سوال پر حمزہ شہباز نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کراچی کو امن گہوارہ بنانے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کیا۔الیکشن میں جیت ہمارا ہدف نہیں بلکہ ہمارا ٹارگٹ ملک کو اندرونی وبیرونی محاذ پر مضبوط بنانا ہے۔

مزید : صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...