کامونکے:22سالہ نوجوان پراسرارطورپر جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق

کامونکے:22سالہ نوجوان پراسرارطورپر جوہڑ میں ڈوب کر جاں بحق

کامونکے(نمائندہ پاکستان) بائیس سالہ نوجوان پر اسرار طور پر جی ٹی روڈ کنارے جوہڑ میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا ، متوفی کا چار سالہ کزن جوہڑ کے کنارے کھڑا تھا اور محمد اکرم کی نعش پانی میں تیر رہی تھی ،متوفی کھڈیاں قصور کا رہائشی ہے اور اپنے چار سالہ کزن کے ہمراہ سرائے عالمگیر جا رہا تھا ۔گذشتہ سہ پہر موٹر ویز پولیس کو چیانوالی کے نزدیک جی ٹی روڈ کنارے ایک دلدل نما جوہڑ سے ایک نعش ملی جبکہ ایک چار سالہ بچہ کنارے پر کھڑا تھا ،موٹر ویز پولیس نے نعش ایمن آباد پولیس کی مدد سے نکال کر تحصیل ہیڈ کوارٹر پہنچا ئی ۔جبکہ بچے کو انہوں نے اپنے پاس رکھ لیا ۔متوفی کے موبائیل فون سے مختلف نمبروں پر رابطہ کرنے سے معلوم ہوا ہے کہ متوفی کا تعلق کھڈیاں خاص قصور سے ہے اور وہ اپنے چار سالہ کزن علی نواز کے ہمراہ سرائے عالمگیر جانے کے لئے نکلا تھا ،چیانوالی کیسے پہنچا اور جوہڑ میں کیسے گرا اس بارے پولیس تفتیش کر رہی ہے ۔جبکہ چار سالہ بچہ کچھ بتانے سے قاصر ہے اور وہ صدمے سے بولنے کے قابل نہیں ہے۔

مزید : علاقائی