2016میں لاکھ مستحق اور ذہین طلبہ کو تعلیمی وظائف دینگے: شہباز شریف

2016میں لاکھ مستحق اور ذہین طلبہ کو تعلیمی وظائف دینگے: شہباز شریف

لاہور(خبر نگار خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈکی سالانہ رقم2ارب سے بڑھا کر 4ارب روپے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ایک سال میں فنڈ کے تحت2لاکھ مستحق اور ذہین طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف دےئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت فاٹا سے تعلق رکھنے والے ذہین طلباء و طالبات کومیرٹ کی بنیاد پر ایم ایس سی کی تعلیم کیلئے سکالرشپ دینے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بیٹے اوربیٹیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی غرض سے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ قوم کے روشن مستقبل کیلئے سود مند سرمایہ کاری ہے اور جب تک ملک کے ہر بچے اوربچی کوتعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرلیتے تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس امر کااعلان گزشتہ روز ایوان اقبال میں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے زیر اہتمام 1لاکھ طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کا ہدف مکمل ہونے پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت 1لاکھ غریب خاندانوں کے ذہین بچوں اوربچیوں کوزیورتعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے میرٹ کی بنیاد پر وظائف دےئے گئے ہیں اوراگلے ایک برس میں ایک لاکھ مزید مستحق اورذہین طلباء و طالبات کو تعلیمی وظائف دےئے جائیں گے۔جس کے لئے تعلیمی فنڈکا سالانہ حجم 2ارب روپے سے بڑھا کر4ارب روپے کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وظائف کی فراہمی کے اس عظیم الشان پروگرام میں نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ ، بلوچستان،خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر،فاٹااورگلگت بلتستان کے کم وسیلہ مگر محنتی و قابل طلباء و طالبات کو شامل کیاگیا ہے ،جس سے قومی یکجہتی کو فروغ مل رہا ہے ۔ پاکستان کی تمام اکائیاں ترقی کریں گی تو تب ہی پاکستان ترقی کرے گااوراسی مقصد کے پیش نظرپنجاب کے تعلیمی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے تقریب کے دوران چین کی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ چین اپنی محنت اورجہدمسلسل کی بدولت عسکری اورمعاشی لحاظ سے دنیا کی دوسری بڑی طاقت بن چکا ہے ،جس کے زر مبادلہ کے ذخائر 4ٹریلین ڈالرجبکہ گزشتہ 30برس کے دوران اس نے اوسطاً شرح نمو9.9فیصدحاصل کی ہے اور 50کروڑ لوگوں کو خط غربت سے نکالا ہے ۔آج دنیا میں چین کی ترقی کا طوطی بول رہا ہے جبکہ ہم اپنی آزادی کے 68سال مکمل ہونے کے بعد آج بھی ملک سے غربت ،جہالت اوربے روزگاری کے اندھیرے دور کرنے کے صرف وعدے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قائدؒ و اقبالؒ کے فرمودات کا تذکرہ تو کرتے ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کرتے ۔جن قوموں نے عملی اقدامات کیے وہ آج آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے ،جفاء کش کسان ا ور محنتی قوم ہونے کے باوجود پاکستان آج بھی ترقی کے لحاظ سے پیچھے ہے،جو ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں ہم نے ترقی کا سفر شروع کردیا ہے ۔پیف سکالرز کے ذریعے یہ کارواں آگے بڑھے گا ہم اپنی منزل ضرور حاصل کریں گے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے حوالے سے وائس چےئرمین پیف ڈاکٹرامجد ثاقب،صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود ،سیکرٹری تعلیم،جسٹس (ر) عامر رضا اور پیف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ تعاون نہ کرتے تو میری کاوشیں ادھوری رہتیں۔میں ان سب کا بے حد ممنون ہوں اورہم انشاء اللہ ملکر ملک و قوم کی تقدیر بدلیں گے اوروطن عزیزسے جہالت کے اندھیرے دور کریں گے اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔قبل ازیں وائس چےئرمین پیف ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج تاریخی دن ہے جب پیف کے تحت 1لاکھ سکالرز شپ کا ہدف حاصل کرلیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ 7سال قبل لگایا گیا پودا تناآور درخت بن چکا ہے جس کے سائے اورپھل سے غریب گھرانوں کے لاکھوں ذہین بچے مستفید ہورہے ہیں ۔یوکے ایڈ کی مسز جوڈتھ ہربرٹسن(Ms.Judith Herbertson) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیف فروغ تعلیم میں انتہائی اہم کردارادا کررہا ہے ۔برطانیہ فروغ تعلیم کے حوالے سے پنجاب کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔وزیراعلیٰ نے تقریر کے اختتام پر پیف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں اور پیف سکالرز کے ساتھ مل کر ملی نغمہ بھی گایا۔

مزید : ملتان صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...