علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال انتقال کرگئے

علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال انتقال کرگئے
علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس جاوید اقبال انتقال کرگئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) علامہ اقبال کے صاحبزادے جسٹس (ر) جاوید اقبال انتقال کرگئے ہیں ۔
خاندانی ذرائع کے مطابق جسٹس جاوید اقبال گزشتہ کچھ عرصے سے علیل اور شوکت خانم ہسپتال میں زیرعلاج تھے جہاں وہ ہفتہ کی صبح حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ۔ ذرائع کے مطابق ان کا جسد خاکی ہسپتال سے گھر منتقل کیاگیا جہاں نماز جنازہ  ادا کردی گئی ۔ نمازجنازہ میں چیف جسٹس آف پاکستان انو ر ظہیر جمالی ، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ منظوراے ملک سمیت دیگر جج صاحبان ، چوہدری سرور ، میاں محمود الرشید ، خورشید قصور ی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ْ 

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال پانچ اکتوبر 1924 کو لاہور میں پیدا ہوئے ، ابتدائی تعلیم لاہور سے حاصل کی اور 1944 میں گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے آنرز کیا۔جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ایم اے انگریزی بھی کیا اور 1948 میں ایم اے فلاسفی میں نمایاں کامیابی پر طلائی تمغہ حاصل کیا ،1954ء میں کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی اور 1956ء میں بارایٹ لا ہوئے۔

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے فرزند جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال انگریزی اور اردو کی متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے ، ایم اے انگریزی ، ایم اے فلاسفی کے ساتھ قانون میں بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کی ، وہ ایوان بالا کے رکن بھی رہے۔جاوید اقبال 1965ء میں ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن کے نائب صدر منتخب ہوئے جس کے بعد وہ 1971 میں لاہور ہائیکورٹ کے جج بنے اور 8 مارچ1982سے 5 اکتوبر 1986 تک لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے جس کے بعد انہیں سپریم کورٹ کا جج مقرر کر دیا گیا ، عدالت عظمیٰ کے سینئر جج بنے۔
جاوید اقبال نے مختلف موضوعات پر انگریزی اور اردو میں متعدد کتابیں بھی لکھی ہیں ، نظریہ پاکستان، قائداعظم کا ورثہ، افکار اقبال، اسلام اور پاکستان کی شناخت، اسلام میں ریاست کا تصور، اپنا گریبان چاک ان کی شہرہ آفاق تصانیف شمار کی جاتی ہیں۔ڈاکٹر جاوید اقبال ریٹائرمنٹ کے بعد ایک دانشور کی حیثیت سے سرگرم عمل رہے ، ملک اور بیرون ملک مختلف موضوعات پر انہوں نے متعدد لیکچر بھی دیئے۔

مزید :

قومی -Headlines -