پاکستانی فٹبالر کلیم اللہ کو امریکی کلب سے کھیلنے کا اعزاز حاصل ،یورپی کلبوں کی بھی پیشکش

پاکستانی فٹبالر کلیم اللہ کو امریکی کلب سے کھیلنے کا اعزاز حاصل ،یورپی کلبوں ...

واشنگٹن(آن لائن)پاکستانی فٹبالر کلیم اللہ کو امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک کلب کی طرف سے کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔ کلیم اللہ کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے،انہیں بعض یورپی کلبوں سے بھی کھیلنے کی پیش کش کی گئی ہے۔ ایسے میں جب کہ پاکستان میں فٹ بال کا کھیل انحطاط کا شکار ہے،کلیم اللہ کی یہ کامیابی یقیناً امید کی ایک کرن ہے۔کلیم اللہ نے امریکی میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ انہوں نے نہایت محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ اس لیے کہ انہوں نے یہ تہیہ کر لیا تھا کہ وہ پاکستان کے ایک ایسے کھلاڑی بنیں گے جب آئندہ لوگ ان پر فخر کر سکیں اور ملک کا نام روشن ہو۔پاکستان میں فٹ بال کے مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پوری توجہ کرکٹ کو دی جاتی ہے، جس کی وجہ سے دیگر کھیل مثلاً ہاکی اور فٹ بال، پیچھے چلے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس وقت بھی فٹ بال پر توجہ دی گئی اور اسکولوں کی سطح پر گراﺅنڈ بنائے گئے اور دیگر سہولتیں دی گئیں تو 10 برس کے اندر ایشیا کی سطح پر پاکستان کی ایک بہترین فٹ بال ٹیم سامنے آ سکتی ہے۔ 

کلیم اللہ نے فٹ بال کھیلنے کا آغاز 14 سال کی عمر میں کیا جب انہوں نے پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم کے ایک رکن کے طور پر ایران کا دورہ کیا، جس کے بعد انہو ں نے ایران اور وسط ایشیائی ممالک کے کلبز کے لیے کھیلا۔ اِس وقت وہ کیلی فورنیا کے ایک سوکر کلب کے لیے کھیل رہے ہیں، جب کہ یورپین سوکر کلب کی جانب سے بھی کلیم اللہ کو کھیلنے کی پیش کش ہو چکی ہے۔

مزید : کھیل

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...