بھارتی ٹی وی چینلز نے رئیلٹی شوز میں پاکستانی ججز پر پابندی لگا دی
ممبئی( آن لائن ) بھارتی ٹی وی چینلز نے پاکستانی ڈراموں پر پابندی کے بعد رئیلٹی شوز میں پاکستانیوں کے جج بننے پر بھی پابندی لگا دی۔
پاک بھارت کشیدگی کے بعد جہاں ہندو انتہا پسند تنظیمیں پاکستان مخالف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں وہیں بھارتی ٹی وی چینلز اور اور پروڈکشن ایسوسی ایشنز بھی انہیں کے نقش قدم پر چل پڑی ہیں۔ بھارت کے ٹی وی چینلز نے پاکستانی ڈرامے نشر نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جب کہ اس فیصلے کے چند روز بعد ہی انڈین موشن پکچر پرو ڈیوسرز ایسوسی ایشن نے بھی پاکستانی فنکاروں اور ٹیکنیشنز پر پابندی عائد کردی لیکن اب بھارتی شوز کو جان بخشنے والے پاکستانی ججز کو بھی پابندی کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹی وی چینلز نے مختلف رئیلٹی شوز میں ججز کے فرائض سر انجام دینے والے پاکستانی فنکاروں اور کھلاڑیوں پر پابندی عائد کردی اور آئندہ کسی بھی نئے شوز میں کسی بھی پاکستانی فنکار کو نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ ٹی وی چینلز کی جانب سے پاکستانی ججز پر پابندی کے فیصلے کے بعد سابق پاکستانی فاسٹ بولر اور کامیڈی شو کے جج شعیب اخترکے لیے مشکلات کھڑی ہوگئی ہیں۔