چڑیا گھروں میں جوڑے مکمل کرنے کیلئے جانوروں ، پرندوں کی منتقلی کا حکم

چڑیا گھروں میں جوڑے مکمل کرنے کیلئے جانوروں ، پرندوں کی منتقلی کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(لیڈی رپورٹر )ڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے صوبہ بھر کے وائلڈلائف پارکس اور چڑیاگھروں کے درمیان 15اکتوبر تک جوڑے مکمل کرنے کیلئے جانوروں اور پرندوں کی منتقلی کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ انہوں نے انچارج افسران کو طے شدہ فیزنٹ شوٹنگ کیلئے مصنوعی نسل کشی سے حاصل شدہ مطلوبہ سے زائد از تعداد رنگ نیکڈ اور گرین فیزنٹس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے اس امر کا فیصلہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ سینئر ریجنل افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صوبہ بھر سے آئے ہوئے افسران کے علاوہ ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف لاہور ریجن سید ظفر الحسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود اور ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر حسن علی سکھیرا بھی موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے وائلڈ لائف پارکس او رچڑیاگھروں میں موجود جانوروں اور پرندوں کی تعداد سے متعلق رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد لاہور چڑیا گھر سے ایک نر نیل گائے ، ایک نر ریڈ ڈےئراور ایک جوڑا فیلو ڈےئر، وائلڈلائف پارک پیرووال سے 2مادہ کالا ہرن اور وائلڈلائف پارک جلو سے 2جوڑے سلور فیزنٹ سفاری زو لاہور ،جبکہ لاہور چڑیاگھر سے ایک افریقین شیرنی ڈیرہ غازی خان چڑیاگھر اور جلو وائلڈلائف پارک لاہور سے 2مادہ بندر وائلڈلائف پارک سلیمانکی منتقل کرنے کی منظوری د یدی ۔انہوں نے وائلڈلائف پارکس اور چڑیا گھروں کے انچارج افسران پر زور دیا کہ وہ جانوروں اور پرندوں کی بہتر نگہداشت اور سیاحوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں ۔