لاہور میں سٹیٹ آف آرٹ سنٹرل میڈیکل لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ
لاہور(سٹی رپورٹر)سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹرل لیبارٹری قائم کرنے کا منصوبہ ہے جس کے قیام کے لئے انٹرنیشنل اداروں کی خدمات لی جائیں گی اور انٹرنیشنل ٹینڈر جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے یہ بات صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت سینٹرل لیب کے قیام کے سلسلہ میں ترکی کے غازی گروپ اور ایمسی ہسپتال ترکی کے ماہرین کے ساتھ اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر راشد ضیاء، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال ڈاکٹر سہیل ثقلین ، کنسلٹنٹ ڈاکٹر زاہد پرویز، ڈاکٹر ید اللہ، غازی گروپ ترکی کے مہمت ڈال، ایچ الپ یارپز، نیسلیہان ڈال اور ایمسی ہسپتال استنبول ترکی کے ڈاکٹر جہد ماہلی ، مرات بلٹک اور مرات توتنکو کے علاوہ محکمہ صحت کے ترک کنسلٹنٹ ڈاکٹر حسن کاگل اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ اجلاس میں لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹرل لیب کے قیام کے منصوبے پر دونوں گروپس کے ساتھ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ نے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ سینٹرل لیب کے قیام کا مقصد مریضوں کو تشخیص و علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنا ہے اور ایک بین الاقوامی معیار کی سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پتھالوجیکل سروسز آؤٹ سورس کی جائیں گی تاہم غریب مریضوں کو وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق تشخیص کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کسی کھلی جگہ پر لیبارٹری کی عمارت تعمیر کرکے لیبارٹری قائم کرنے یا پھر کوئی مناسب عمارت کرایہ پر حاصل کرکے لیبارٹری قائم کرنے کی آپشنز پر کام ہورہا ہے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نجم احمد شاہ نے ترکی کے ماہرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرل لیبارٹری کے قیام کے سلسلہ میں محکمہ صحت حکومت پنجاب شفاف طریقہ سے انٹرنیشنل فرموں کو پری کوالیفائی کرے گی اور منصوبے کا کنٹریکٹ دینے کے لئے ٹینڈر طلب کئے جائیں گے۔