شہر غیر معیاری ادویات کی منڈی میں تبدیل؛ ، عطائیوں نے بھی سر اٹھا لیا

شہر غیر معیاری ادویات کی منڈی میں تبدیل؛ ، عطائیوں نے بھی سر اٹھا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال)صوبائی دارالحکومت ایک مرتبہ پھر غیر معیاری ادویات اور عطائیوں کی منڈی میں تبدیل ہو گیا ہے بتایا گیا ہے کہ صوبائی محکمہ صحت پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے ٹاؤنوں میں تعینات ڈرگ انسپکٹروں کو کام سے روک دیا ہے اور ان کی جگہ ترکی کی کمپنی کو ڈرگ سیلز لائسنس اور انسپکشن کے لئے دیئے گئے ٹھیکے کے تحت رکھے گئے ڈرگ انسپکٹروں کو سامنے لایا گیا ہے جو آتے ہی اس کام میں ناکام ہو گئے ہیں پنجاب ڈرگ ڈرگیسٹ کونسل اور کیمسٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ کئی کئی ماہ سے جمع کروائے گئے ڈرگ سیلز لائسنسوں کی تجدید نہیں ہو سکی جس کے باعث کیمسٹوں میں تشویش پائی جاتی ہے دوسری طرف شہر میں غیر معیاری ادویات کی خرید و فروخت کا دھندہ از سر نو شروع ہو گیا ہے جس کے ساتھ ساتھ جعلی اور عطائی ڈاکٹر وں نے سر اٹھا لیا ہے اور دوبارہ سادہ لوح مریضوں کی زندگیوں سے کھیلنا شروع ہو گئے ہیں بتایا گیا ہے کہ ترک ٹھیکیدار کمپنی نے تاحال 7ڈرگ انسپکٹر کنٹریکٹ پر بھرتی کئے ہیں جو تاحال کام نہیں کر سکے جس کے باعث شہر میں زیر زمین چلے جانے والے عطائی ڈاکٹر اور ڈرگ مافیا ایک دفعہ پھر میدان میں آ گیا اور انہوں نے انسانی زندگیوں سے کھیلنے کا دھندہ از سر نو شروع کر دیا ہے ذرائع کے مطابق اس وقت شہر میں 3لاکھ 70ہزار کے قریب جعلی اور عطائی ڈاکٹروں نے دوبارہ دکان داریاں شروع کر دی ہیں ۔مزنگ اور صفا والا چوک کے قریب و جوار میں عطائی لیڈی ہیلتھ وزیٹر کے جعلی زچہ بچہ کلینک جو سیل کئے گئے وہاں یہ دوبارہ دھندہ شروع ہو گیا ہے اسی طرح راوی ٹاؤن ، عزیز بھٹی ٹاؤن، داتا گنج بخش ، نشتر ٹاؤن، واہگہ ٹاؤن میں جعلی اور عطائی آرتھوپیڈک یعنی ہڈی جوڑ کے کلینکس دوبارہ شروع ہو گئے ہیں اور انہوں نے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا شروع کر دیا ہے اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے گا ہم نے کامیاب آپریشن کر کے شہر سے ڈرگ مافیا جعلی اور غیر معیاری ادویات بنانے والوں کا بڑی حد تک خاتمہ کر دیا تھا اس میں وہ دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں تو اس کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا اور متعلقہ لوگوں سے وضاحت بھی طلب کی جائے گی اور دوبارہ پوری طاقت سے آپریشن شروع کریں گے۔