برطانوی کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ، وفاقی وزیر تجارت

برطانوی کاروباری ادارے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ، وفاقی وزیر تجارت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے برطانیہ میں رکن پارلیمنٹ اور پاکستان کے لئے برطانیہ کے تجارتی نمائندے رحمان چشتی سے ملاقات کی اور دو طرفہ کاروباری شعبہ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کا خیرمقدم کیا۔ اتوار کو یہاں موصولہ پیغام کے مطابق وفاقی وزیر نے برطانوی حکومت کی جانب سے برکس کانفرنس کے بعد پاکستانی مصنوعات کے لئے منڈیوں تک رسائی جاری رکھنے اور برطانیہ کے سٹیٹ منسٹر برائے بین الاقوامی تجارت گریگ ہینڈز کے دورہ پاکستان کے عزم کے حوالے سے خصوصی پیش رفت کی تعریف کی اور خیرمقدم کیا۔ انہوں نے مستقبل میں جامع تجارتی تعلقات کے لئے بات چیت کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے برطانوی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھی دعوت دی۔ برطانیہ کے تجارتی نمائندے نے یقین دلایا کہ برطانیہ دوطرفہ کاروباری تعلقات کے فروغ اور پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تا کہ کاروباری مواقعوں سے استفادہ کیا جا سکے۔ اس ضمن میں انہوں نے رواں سال نومبر میں اپنے دورہ پاکستان کے پروگرام سے بھی آگاہ کیا تا کہ پاکستان کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیر تجارت پرویز ملک نے برطانوی اعلیٰ سطحی وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ کاروباری تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ برطانیہ، پاکستان مصنوعات کیلئے تیسری سب سے بڑی منڈی اور ملک میں پہلے بڑے غیرملکی سرمایہ کار ملکوں میں سے ایک ملک ہے۔ برطانوی منڈیوں میں پاکستان برآمدات کا سال 2016ء کے حجم میں 8فیصد بڑھوتی رجسٹرڈ ہوئی ہے جبکہ رواں سال کے ابتدائی 7ماہ کے دوران برآمدات میں 11فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔

مزید :

کامرس -