بھارت سے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی سے پاکستانی کسان کا مالی تحفظ کیا گیا
لاہور (پ ر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ سندھ اور خیبرپختون خواہ میں ٹماٹر کی فصل تیار ہے جو آئندہ چند دنوں میں مارکیٹ میں آجائے گی ، غیر موافق موسمی حالات کی وجہ سے دوسرے صوبوں میں ٹماٹر کی فصل متاثر ہونے سے ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا لیکن اب دوسرے صوبوں سے ٹماٹر کی فصل پنجاب آنے سے ٹماٹر کی قیمت میں15اکتوبر تک کمی متوقع ہے ،ترجمان نے کہاکہ پاکستانی کاشتکاروں کوفائدہ پہنچانے اور درآمد ی بل کم کرنے کے لئے بھارت سے ٹماٹر درآمد نہیں کئے گئے ۔ بھارت سے بیمارٹماٹر درآمد نہ کرکے دوسری فصلوں بالخصوص کپا س کو بچالیا گیا ہے،2015-16 میں پاکستان نے7.916بلین روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے 233246ٹن ٹماٹر بھارت اور دیگر ہمسایہ ممالک سے درآمد کئے گئے ، ترجمان نے کہاکہ بھارتی ٹماٹر میں ٹماٹو لیف کرل نیو دہلی وائرس، ٹماٹوییلو لیف کرل وائرس، ٹماٹو اسپری وائر س(ککو مودائرس ) ، پیپینو موزیک وائرس اور بیگومو وائرس( ایس پی پی) کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے یہ وائرس بیماریاں ہیں جن کی شناخت انڈیا میں حال ہی میں ہوئی ہے اور انڈین ٹماٹر کی درآمد سے سفید مکھی ان کو پھیلانے کا سبب بنتی اور ہماری کپاس کی فصل کو نقصان پہنچتا،انڈیا سے ٹماٹر کی درآمد پر پابندی عائد ہونے سے 100 بلین روپے کی بچت ہوئی ہے اور پاکستانی کاشتکار کے مالی مفاد کا تحفظ کی کیا گیا ترجمان نے مزید کہاکہ پاکستان میں ٹماٹر پورا سال دستیاب رہتا ہے اور عوام مناسب قیمت پر ٹماٹر ملتا ہے لیکن نامناسب موسم کی وجہ سے بلوچستان اورخیبرپختون خواہ میں ٹماٹر کی فصل متاثرہونے کی وجہ سے ٹماٹر کی کمی دیکھنے میں آئی تاہم اب چند روز میں یہ کمی دور ہوجائے گی ،ترجمان نے کہاکہ پاکستان میں ٹماٹر کی سالانہ پیداوار 543160 ٹن ہے جس میں سے 106229 ٹن پنجاب پیدا کرتا ہے۔
پاکستان میں پنجاب ٹماٹر کی پیداوار کا 19فیصدحصہ پیدا کر کے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ سندھ 35فیصد پیداوار کے ساتھ پہلے، بلوچستان 27 فیصد پیداوار کے ساتھ دوسرے اور خیبرپختونخواہ16فیصد پیدا کرتا ہے،ترجمان نے مزید کہا کہ ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ سے عوام پریشان ضرورہیں لیکن اس سے پاکستانی کسا ن کو براہ راست فائدہ پہنچا ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے ۔