سائنسی بنیاد پر ذرات اورلہروں کی دہری فطرت سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے،ڈاکٹر عاطف

سائنسی بنیاد پر ذرات اورلہروں کی دہری فطرت سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے،ڈاکٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )اردو سائنس بورڈ کے زیر اہتمام گزشتہ روز’’کوانٹم فزکس اورانسانی رویے ‘‘کے موضوع پر خصوصی سائنسی لیکچر کا اہتمام کیاگیا۔ شعبہ فزکس جی سی یونیورسٹی کے استاد ڈاکٹر عاطف شہبازنے لیکچردیاجبکہ صدارت ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ ڈاکٹر ناصر عباس نّیر نے کی۔ڈاکٹر عاطف شہباز نے اپنے لیکچر میں کوانٹم فزکس اورکلاسیکی فزکس کے درمیان فرق کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ کوانٹم فزکس کائنات کے سب سے چھوٹے ذرات کے اسرارورموز کے بارے میں جاننے اوران سے متعلقہ قوانین اورنظریات کا علم ہے۔ کوانٹم فزکس میں امکانی فطرت زیادہ ہوتی ہے اورمساواتوں کے ذریعے ڈیل کیا جاتاہے ۔سائنسی بنیاد پر ذرات اورلہروں کی دوہری فطرت سے فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔کوانٹم فزکس کے اطلاق سے انفرادی اوراجتماعی سطح پر انسانی رویوں میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ اس سے پہلے ڈی جی اردو سائنس بورڈ ڈاکٹر ناصر عباس نیّر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سائنسی ، سماجی اورفنی موضوعات پر لیکچر زاورسیمینارز کے انعقاد سے نئے خیالات اورافکارکے بارے میں آگاہی حاصل ہوتی ہے۔

اردو سائنس بورڈ ایک تھنک ٹینک اورفورم کی حیثیت سے لیکچرزاورسیمینارکا انعقاد باقاعدگی سے جاری رکھے گا۔ اس موقع پراسلام آباد سے تعلق رکھنے والے معروف شاعر جلیل عالی، ڈاکٹر غافر شہزاد، ڈاکٹر مختار حسین، ڈاکٹر افتخار حسین، ڈاکٹر شاہ زیب خان، ، ڈاکٹررضوان خان اوردیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ لیکچر میں مختلف تعلیمی اداروں کے سائنسی شعبوں کے طلبہ وطالبات، اساتذہ اورعام افرادکی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض حافظ جنید رضا نے انجا م دیے۔