آلو بخاراہڈیوں کو مضبوط بنانے والا مزیدار پھل

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ویسے تو کہا جاتا ہے کہ دودھ ہڈیوں کو کمزور ہونے سے بچاتا ہے مگر ایک پھل بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے جس کے بارے میں لوگوں کو زیادہ علم بھی نہیں۔جی ہاں ایک پھل ہڈیوں کو 20 فیصد زیادہ مضبوط بناتا ہے مگر پھر بھی اکثر افراد اس کی خوبی سے لاعلم ہوتے ہیں۔یہ ہے آلو بخارہ، جو کہ قبض کشا بھی ہوتا ہے مگر اس کی بہترین طاقت انسانی ہڈیوں کو مضبوط بنانا ہے۔تحقیق کے مطابق خشک آلو بخارے بھی ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور یہ ہڈیوں کو ریڈی ایشن سے تحفظ بھی فراہم کرتے ہیں۔اس تحقیق کے دوران چوہوں کو آلو بخارے کا سفوف، اینٹی آکسائیڈنٹس کا مسکچر، dihydrolipoic acid اور ابیوبروفین کا استعمال کرایا گیا اور پھر انہیں ریڈی ایشن سے گزار کر نتائج کا جائزہ لیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ آلو بخارہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے سب سے زیادہ موثر ہے جو ریڈی ایشن سے ہڈیوں پر پڑنے والے منفی اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔یہاں تک کہ جن چوہوں کو ریڈی ایشن سے متاثر نہیں کیا گیا مگر آلو بخارے کھلائے گئے، ان کی ہڈیاں بھی پہل کے مقابلے میں بیس فیصد زیادہ مضبوط ہوگئیں۔
محققین ابھی اس کی وجہ پر روشنی تو نہیں ڈال سکے مگر ان کے خیال میں اس میں موجودہ پولی فینولز اس حوالے سے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔تحقیق میں کہا گیا کہ آلو بخارے کو روزمرہ کی غذا میں شامل کرنا کوئی نقصان بھی نہیں پہنچاتا تاہم زیادہ مقدار میں کھانے سے گریز کرنا چاہئے۔محققین کے مطابق یہ نہ صرف مزیدار پھل ہے بلکہ متعدد طبی فوائد کا حامل بھی ہوتا ہے۔