شہریوں کی درخواستوں پر پولیس افسر خود ایکشن لیں گے
لاہور(خبرنگار) لاہور پولیس نے تھانہ کلچر کی تبدیلی اور شہریوں سے کوآرڈینیشن مزید مضبوط کرنے کیلئے ایک اور احسن قدم اُٹھا لیا جس کے تحت شہری کی جانب سے درخواست وصول کرنے والا پولیس آفیسر کسی ماتحت پولیس آفیسر کو فارورڈ کیئے بغیر خود فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔ تھانہ میں موصول ہونے والی درخواست پر متعلقہ ایس ایچ او 10 یوم کے اندر کارروائی کر کے درخواست دہندہ کی دادرسی کرے گا۔
اسی طرح ایس ڈی پی اوز اور ایس پی حضرات اپنے دفاتر میں شہری کی درخواست پر کسی ماتحت عملہ یا پولیس آفیسر کو بھیجے بغیرشکایت کو خود سن کر حل نکالیں گے۔سب سے پہلے تھانے یا کسی بھی دفتر میں آنے والی درخواست کا اندراج کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں کیا جائیگا تاکہ آنے والے شہری کا مسئلہ باقاعدہ ایک طریقہ کار کے تحت ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ تمام ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اس حوالہ سے مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمدکو یقینی بنایا جائیگا۔