ناسا نے مریخ مشن کے لئے خودکار گاڑی تیار کرلی
نیویارک(این این آئی)امریکی خلائی ادارہ ناسا 'مارس مشن '2021 کے لئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے اسی سلسلے میں کینیڈی اسپیس سینٹر نے مریخ پر بھیجنے کے لیے ایک نئی خودکار گاڑی بھی تیار کر لی ہے ۔اس روبوٹک مارس رووَر کا ڈیزائن نہ صرف عام گاڑیوں سے مختلف ہے بلکہ یہ بیٹ موبائل سے بھی مشابہت رکھتی ہے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اس نئی مریخ گاڑی کو زمین سے اگست 2020 میں بھیجا جائے گا اور پھر یہ گاڑی تقریباً 7 ماہ سفر کرنے کے بعد فروری 2021 میں مریخ پر پہنچ جائے گی۔اس سے قبل ناسا کی جانب سے کیوروسٹی روبالا نامی روبوٹک گاڑی بھی سال 2012 میں سرخ سیارے پر بھیجی جاچکی ہے۔واشنگٹن میں ناسا کے مطابق مارس ریووَر 2020 میں اس مشن کی جانب پہلا قدم اْٹھائے گی ہے اورمریخ پر پہنچ کر سرخ سیارے پر موجود مٹی اور دیگر دھاتوں کے منتخب نمونے باحفاظت زمین پر بھجوائے گی۔اس گاڑی میں شامل تین کیمروں کی مدد سے مریخ پر موجود قدرتی ذرات کا بغور معائنہ کیا جائے گا جس سے معمولی حیات کے امکانات کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔مریخ پر بھیجی جانے والی اس گاڑی میں 6 پہیے ہیں اوراس کا وزن تقریباً ایک ٹن ہے جس میں موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے خصوصی سینسرز کے ساتھ ایک راڈار بھی لگایا گیا ہے جو سرخ زمین پر نمونے تلاش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔نمونے حاصل کرنے کے بعد یہ خود گاڑی انہیں کسی محفوظ مقام پر منتقل بھی کرے گی تاکہ مستقبل میں ان محفوظ شدہ نمونوں کو زمین پر لایا جاسکے۔یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ جدید خودکار گاڑی مریخ پر لینڈکرنے کی ویڈیو آواز کے ساتھ بھی بھیج سکتی ہے۔اس مقصد کے لیے مریخ گاڑی پر ایک مائیک نصب کیا گیا ہے تاکہ سرخ زمین پر چلنے والی ہواوں کی آواز سنی جاسکے۔