کانگوں میں فوجی طیارہ گر کر تباہ ،12اہلکار ہلاک
کنہاسا(این این آئی)کانگو میں آرمی کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 12 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ائیر پورٹ حکام نے اپنی شناخت ظاہر نہ کی درخواست پر بتایا کہ طیارے نے کنہاسا کے ایک ائیر پورٹ سے اڑان بھری تھی جو اڑان بھرنے کے فوری بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا۔یہ طیارہ کانگو کے شمالی علاقے میں فوجی سازو سامان پہنچانے کا کام کر رہا تھا جہاں آرمی مسلح تنظیموں سے لڑائی میں مصروف ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق واقعے کے بعد کانگو کے وزیرِ ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ کارگو طیارے میں تقریبا 12 افراد سوار تھے جن میں سے کوئی بھی نہ بچ سکا۔انہوں نے کہا کہ واقعے کی انکوائری کا عمل جاری ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ طیارے کو حادثہ کیسے پیش آیا۔حادثے کے فوری بعد جائے وقوعہ کے اطراف بیریئر لگا دیئے گئے جبکہ علاقے کو سیل کردیا گیا۔کانگو آرمی کے ذرائع نے نام نہ بتانے کی درخواست پر بتایا کہ روسی ساختہ کارگو طیارے میں 2 گاڑیاں اور ہتھیاروں کی ترسیل کی جارہی تھی جس میں تقریبا 20 سے 30 افراد سوار تھے، جن میں طیارے کے اسٹاف سمیت آرمی کے اہلکار بھی موجود تھے۔تاہم انہوں نے دیگر افراد کے زندہ بچ جانے یا ہلاک ہونے کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کیں۔