17سالہ لڑکی نے 100کلومیڑ گدھا گاڑی کھینچ کر داستان رقم کردی

17سالہ لڑکی نے 100کلومیڑ گدھا گاڑی کھینچ کر داستان رقم کردی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)غربت انسان کو زندگی کے کئی تلخ سبق پڑھاتی ہے، جو لوگ ان اسباق کو یاد رکھتے ہیں ، وہ زندگی میں کامیابیوں کی جھنڈے گاڑ دیتے ہیں ، بھارت کے ایک غریب خاندان کی17سالہ لڑکی نے اپنے خاندان کو گدھا گاڑی پر بٹھا کر 100کلومیڑتک گاڑی خود کھینچ کر تاریخ رقم کردی۔ اترپردیش کے رہائشی اس خاندان کو ہردیواڑ سے اپنے گھر پہنچنے کے لئے گدھا گاڑی کے ذریعے سفر ان کی ساری کمائی لٹ جانے کے باعث کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے رہائشی سالمو کی 12سالہ بیٹی کو ایک سادھو نے اغوا کر لیا تھا جس کی تلاش میں اس کا سارا خاندان پوری ریاست میں گھوم رہا تھا ، سادھو نے ایک یاترا کے دوران اس لڑکی کو اغوا کیا اور وہ اسے لے کر ہردیواڑ چلا گیا تھا۔خاندان نے مقامی پولیس اور سیکورٹی ایجنسیز سے گمشدہ لڑکی کی تلاش کے لئے رابطہ کیا مگر پولیس نے انہیں کورا جواب دے دیا جس کے بعد خاندان نے اپنی بیٹی کی تلاش کا خود بیڑا اٹھا لیا۔اس خاندان نے کچھ رقم جمع کی ، اپنا سامان اور کچھ کپڑے ساتھ لئے اور پندرہ دن قبل وہ ہردیواڑ کے لئے روانہ ہوگئے۔ انہوں نے کھیرونا کو ہر جگہ تلاش کیا مگر تمام کوششیں بے سود ثابت ہوئیں۔اسی دوران اس خاندان کو سادھو ایک جگہ نظر آیا مگر جب تک وہ اس تک پہنچتے وہ موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔اس خاندان پر قیامت اس وقت ٹوٹی جب ہردیواڑ میں ایک چورنے ان کی ساری جمع پونچی لوٹ لی اور انہیں کہیں کا نہ چھوڑا، اس ناگہانی آفت کے بعد خاندان کے افراد کے لئے گھر واپسی کے تمام راستے بند ہوگئے مگر ان کی بڑی بیٹی شکیلہ نے ہمت نہیں ہاری اور سارے خاندان کو گاؤں پہنچانے کے مشن کا آغاز کردیا۔ننگے پاؤں،خشک ہونٹوں اور بھوکے پیٹ کے ساتھ شکیلہ نے اپنے نابینا باپ اور بوڑھی ماں کو ایک گدھا گاڑی پر بٹھایا ، گھر کا سامان اس پر رکھا اور خود گدھا گاڑی کو کھینچنا شروع کردیا ، اس کا 10سالہ بھائی بھی ننگے پاؤں اس کے ساتھ ساتھ چلتا رہا ، معصوم بھائی کے پاؤں سے خون رستا رہا جبکہ کچھ وقت تک اس نے بھی گدھا گاڑی کو کھینچنے کی کوشش کی۔ یہ خاندان مسلسل اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہا ، یہ لوگ رات کو سڑک کنارے سو جاتے جبکہ دن کو دوبارہ 17سالہ شکیلہ اپنے والدین کو گدھا گاڑی پر بٹھا کر اسے کھینچنا شروع کر دیتی۔وہ مسلسل 7دن تک چلتے رہے ، اس دوران ہزاروں گاڑیاں اور کاریں ان کے پاس سے گزرتیں مگر کسی نے ان کی مدد کے لئے رکنے کی زخمت گوارا نہیں کی۔گذشتہ روز مقامی میڈیا پر خبریں نشر ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کو ہوش آیا اور انہوں نے اس خاندان کی مدد کا فیصلہ کیا ، ان کے جوتے، خوراک اور ادویات دی گئیں جبکہ اس خاندان کی بیٹی کی تلاش کے لئے آپریشن کا آغاز بھی کردیا گیا۔
ہمت والی لڑکی

مزید :

علاقائی -