مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی کو فارن فنڈنگ پارٹیزقرار دینے کی آئینی درخواستیں مسترد
اسلام آباد (این این آئی)رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو فارن فنڈنگ پارٹیزقرار دینے کے حوالے سے دا ئر آئینی درخواستیں اعتراضات لگا کر واپس کرتے ہوئے کہاہے کہ درخواست گزاروں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے سے قبل متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا اوریہ بات واضح ہے کہ کوئی بھی درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کئے بغیر سپریم کورٹ میں نہیں آسکتا۔ یا د رہے کہ پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی شیریں مزاری اور اسد عمر نے قبل ازیں پیپلزپارٹی اور ن لیگ کیخلاف درخواستیں دائر کرتے ہوئے دونوں جماعتوں پر فارن فنڈنگ لینے کا الزام عائد کیا ہے جس میں عدالت سے استدعاکی گئی کہ ان جماعتوں کو غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے والی جماعتیں قرار دیاجائے جبکہ مسلم لیگ (ن )کے حنیف عبا سی کی جانب سے پہلے ہی تحریک انصاف کے خلاف آئینی درخواست میں فا رن فنڈنگ لینے کا الزام لگایا گیا ہے جس کے حوالے سے کیس بدستورچیف جسٹس کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔