احتساب عدالت ، نواز شریف پر فرد جرم مؤ خر ، بیٹوں اور داماد کی گرفتاری کا حکم

احتساب عدالت ، نواز شریف پر فرد جرم مؤ خر ، بیٹوں اور داماد کی گرفتاری کا حکم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اے این این ) مسلم لیگ(ن) کے قائد وسابق سابق وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ روز نیب کی جانب سے دائر تین ریفرنسز پر ایک بار پھر اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے جن پر دیگر ملزمان کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور یہ معاملہ 9اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ۔ عدالت نواز شریف کے دو بیٹوں حسن ،حسین اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انھیں گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کئے ،نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ پر غور نہیں ہوا۔ اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے گزشتہ روزنیب کی جانب سے دائر3 ریفرنسزا یون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران نواز شریف ایک بار عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے بچے اور داماد بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے۔سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل خوجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل اور بچوں کو فردِ جرم عائد ہونے سے قبل عدالت میں پیش ہونا ہے۔ نواز شریف کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کمرہ عدالت میں موجود ہیں جبکہ ان کے بچے والدہ کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔ احتساب عدالت میں نواز شریف پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری اجرا پر بحث ہوئی جس میں نیب حکام نے عدالت سے نوازشریف پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی تاہم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے سابق وزیر اعظم پر فرد جرم عائد کرنے اور ناقابل ضمانت وارنٹ کے اجرا کی استدعا ء پر بھی اعتراض کیا۔عدالت کی جانب سے نواز شریف پر فرد جرم عائد نہ کی جاسکی تاہم عدالت نے انہیں 9اکتوبر کو دوبارہ طلب کرلیا ہے ۔احتساب عدالت کی کارروائی کی کوریج کیلئے میڈیا نمائندوں کو سکیورٹی اہلکاروں نے عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی۔تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی کارروائی کے حوالے سے سماعت کے بعد احتساب عدالت کے جج نے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وکیل خواجہ حارث نے درخواست کی کہ مریم نواز والدہ کی بیماری کے باعث لندن میں ہیں اس لئے مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن(ر) محمد صفدر کی پیشی کیلئے مہلت دی جائے۔عدالت نے شریف فیملی کے وکیل کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حسن نواز، حسین نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تاہم مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ کو برقرار رکھا گیا ہے۔عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کر دی اور فرد جرم کا معاملہ موخر کر دیا ۔کیس کیسماعت کے بعد شریف خاندان کی قانونی ٹیم کے رکن محسن رانجھا کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ عدالت نے فرد جرم کی کارروائی آئندہ سماعت تک موخر کردی تاہم سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے استثنی کی درخواست پر بحث نہیں ہوئی۔انھوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرح ان کے بچے بھی عدالتوں میں پیش ہوں گے ہم کسی ڈکٹیٹر کی طرح کمر درد کا بہانہ کر کے بھاگنے والے نہیں ہے۔اب پرویز مشرف کو بھی عدالتوں میں پیش کیا جائے۔
نیب ریفرنس/ نوازشریف

مزید :

صفحہ اول -