احسن اقبال عدالتوں سے لڑائی نہیں، اپنا کیس لڑیں،پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف

احسن اقبال عدالتوں سے لڑائی نہیں، اپنا کیس لڑیں،پیپلز پارٹی ، تحریک انصاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر روکے جانے پر ان کی جانب سے مستعفی ہونے کی دھمکی پر ملک کی اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے اپنے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ احسن اقبال سمیت دیگر وفاقی وزراء وہاں لینے ہی کیا جاتے ہیں یہ عدالتوں سے لڑنے کی بجائے عدالتوں کے اندر اپنا کیس لڑیں اور عدالتو ں کو اپنا کام کرنے دیں اور (ن) لیگی وزراء عدالتوں کے باہر اکھٹے ہو کر عدلیہ پر کسی قسم کا دباؤ بڑھانے کی بجائے اور اپنے لیڈر کے سامنیحاضری لگوانے کی بجائے اپنے اپنے محکموں میں جا کر کام کریں ۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد نے اپنے ردعمل کاا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم احسن اقبال اور دیگر وفاقی وزراء سے یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ ان وفاقی وزراء کا کیا کام کہ وہ عدالتوں میں جائیں اور جہاں تک احسن اقبال کی جانب سے مستعفی ہونے کے بیان کا تعلق ہے تو وہ بتائیں کہ سندھ میں تو انہوں نے آئی جی سندھ کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے کہ وہ سندھ کے وزیراعلی کے کاموں میں بھی مداخلت کرے لیکن جب ان کی اپنی باری آئی تو پھر ان کو یہ خیال آ گیا کہ اداروں کو اپنی حدود میں رہنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم بھی تو یہی بات کرتے ہیں کہ دوسروں کے صوبوں میں مداخلت کرنے والے وفاقی وزیر داخلہ کو بھی اپنی حد میں رہنا چاہئے ہمیں یقین ہے کہ ان کی مستعفی ہونے کی دھمکی ایک سستی شہرت کے لئے ہے لیکن وہ اتنی جرات کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود ‘ اسد عمر اور عبدالعلیم خان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایک نا اہل سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر وہاں پر جمع ہونے والے گلو بٹوں کو حد میں رکھنے کی کوشش ہوئی تو اس پر(ن) وزراء تلملا اٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دھونس اور دھاندلی کی سیاست اور عدالتوں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو لگام دیکر رینجرز نے کچھ غلط نہیں کیا ہے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت پوری حکومت ایک کٹھ پتلی حکومت ہے وزیر داخلہ کس منہ سے کہہ رہے کہ کٹھ پتلی منسٹر نہیں بنوں گا ان کے استعفٰی کی دھمکی محض ایک ڈرامہ بازی ہے انہیں خود بھی معلوم ہے کہ نواز شریف کی مرضی کے بغیر وہ پر بھی نہیں مار سکتے۔انہوں نے کہا کہ درحقیقت گاڈ فادر کی طرح اب ان کے وزراء بھی کٹھ پتلی نہ بننے کی گیدڑ بھبھکیاں لگا رہے ہیں اور اپنے بیانات سے ٹکراؤ کی سیاست پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کے ایسے منفی رویوں کی مذمت کرتے ہیں۔
دھمکی؍ ردعمل

مزید :

صفحہ اول -