اورنج ٹرین لائن میٹرو ٹرین سے لاکھوں شہری عزت اور وقار سے سفر کر سکیں گے : شہباز شریف

اورنج ٹرین لائن میٹرو ٹرین سے لاکھوں شہری عزت اور وقار سے سفر کر سکیں گے : ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹروٹرین مفاد عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ پورے پاکستان کے لئے ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ عام آدمی کو جدید ترین سفری سہولتوں کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے ۔چین سے اورنج لائن میٹروٹرین کی بوگیوں کے پہلے سیٹ کی لاہور آمد خوش آئند ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یہ بات آج یہاں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،جس میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء و اورنج لائن میٹروٹرین کی سٹیرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان،ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان،چیف سیکرٹری ،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا حق ہے کہ وہ بھی وہی سفری سہولتیں استعمال کریں جو اس ملک کی اشرافیہ کرتی ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں شہری عزت و قار سے سفر کرسکیں گے۔میٹروبس پراجیکٹس کی طرح اس منصوبے کے مکمل ہونے سے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی باکفایت ٹرانسپورٹ میسر آئیگی اورعوام کو فرسودہ اورکھٹارہ پبلک ٹرانسپورٹ سے نجات ملے گی۔دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مہیا کئے ہیں اورترقی کے سفر میں جنوبی پنجاب کے ہر ضلع کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اربوں روپے کے وسائل جنوبی پنجاب کے عوام کے قدموں تلے نچھاور کر کے انہیں ان کا حق لوٹایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 400میگا واٹ کے شمسی توانائی کے کارخانے لگ چکے ہیں اور اب ترکی کی کمپنی صرف 6 سینٹ فی یونٹ کے تحت 300میگا واٹ کا سولر منصوبہ لگا رہی ہے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے سستا ترین سولر ٹیرف ہے اور اس منصوبے سے عوام کو سستی بجلی ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ توانائی کے متعدد منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے گئے ہیں اور رواں برس کے آخر تک ملک میں چھائے اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائیں گے۔منصوبوں میں شفافیت ،معیار اور رفتار کو یقینی بنا کر غریب قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام‘‘ کے تحت پنجاب حکومت نے دیہات میں کارپٹ سڑکوں کا جال بچھا دیاہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی مخدوم خسرو بختیارسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب خصوصا بہاولپور ڈویژن کے فلاح عامہ کے پروگراموں پر عملد رآمد پر پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران پورے صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مجالس و جلوسوں کے ساتھ عزاداروں کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات یقینی بنانے پرصوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -