انفرادی و اجتماعی مسائل و مشکلات کی اصل وجہ قرآن و سنت سے دوری ہے :مولانا اسماعیل
بٹ خیلہ ( بیورو رپورٹ ) ممتاز عالم دین اور صوبائی چیف خطیب مولانا محمد اسماعیل نے کہاہے کہ ہمارے انفرادی و اجتماعی مسائل ومشکلات کی اصل وجہ قرآن وسنت سے دوری اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا نہ ہو ناہے ظفر پارک بٹ خیلہ میں سات روزہ فہم قرآن وسنت کلاسز کے آخری روز اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ سکون اطمینان اور خوشحالی صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کے ذکر اور یاد میں ہے انھوں نے کہاکہ اسلامی تعلیمات کی کمی کی وجہ سے ہمارے باہمی لڑائی جھگڑوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہمارا پورا خاندانی نظام روبہ زوال ہے جبکہ رہی سہی کسر انٹر نیٹ سمارٹ فون اور کیبل وڈش نے پوری کردی ہے انھوں نے کہاکہ اپنی اقدار و تہذیب وتمدن کی بقا و احیا کیلئے ہمیں اپنی نئی نسل کے ہاتھوں میں قرآن دیناہو گا فہم القرآن کی آخری کلاس میں بٹ خیلہ سٹی اور گرد و نواح کے ہزاروں مرد وخواتین بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی ۔مفتی محمد ارشاد نے اس موقع پر درس حدیث پیش کیا جبکہ ننھے بچوں نے خوبصورت نظمیں پڑھیں مولانا محمد اسماعیل نے اخر میں ملک وقوم اور امت مسلمہ کی سلامتی ترقی وخوشحالی جبکہ برما اور کشمیر کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کرا ئی اس موقع پر ہر طرف رقت آمیز مناظرتھے اور ہر آنکھ پرنم تھی۔