سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مذہبی قوتوں کا اتحاد وقتکا تقاضا ہے ،مولانا گوہر شاہ
چارسدہ (بیورو رپورٹ) رکن قومی اسمبلی مولانا سیدگوہر شاہ نے کہا ہے کہ یہود و ہنود کے سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مذہبی قوتوں کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔مساجد و مدارس اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جس کے خلاف عالمی سطح پر سازشوں کا جال بچھایا گیا ہے ۔ تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کے عوام کو مایوسی اور محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آئندہ عام انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام واضح اکثریت حاصل کریگی ۔ وہ ایم سی ٹو ، ایم سی تھری ،ایم سی فور ، یونین کونسل آگرہ ، محفوظ آباد ، شکرے ، پٹواری کلے ، کوڈ اخیل اجارہ کلے اور اسلام آباد کورونہ میں نئے ٹرانسفارمر وں کی تنصیب ، فرش بندی ، سوئی گیس سپلائی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر مولانا محمد الیاس ، مولانا شفیق قادری ، مولانا احمد علی ، صابر شاہ باچا، حاجی دانشمند ، ڈاکٹر یوسف شاہ ، مولانا جمیل احمد اور پارٹی کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے جبکہ دوسہرہ کے اجتماع میں امین اللہ شاہ ، محمد آصف ، کرامت اللہ ، ڈاکٹر شوکت علی ، علی اکبر ، محبت شاہ ، امان شاہ ، بشر ، فاروق شاہ اور دیگر نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر جمعیت علمائے اسلام میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ منعقدہ اجتماعات سے خطاب کر تے ہوئے رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہاکہ مساجد و مدارس کے خلاف عالمی سطح پر سازشوں کا جال بچھا یا گیا ہے جس کے خلاف جمعیت علمائے اسلام پارلیمنٹ کے اندر اور پارلیمنٹ سے باہر بھر پور جد و جہد کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں مذہبی پارٹیوں کا ووٹ تقسیم کرنے کے درپے ہیں مگر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں مذہبی ووٹ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جا رہا ہے تاکہ یہود و ہنود کے سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر عوام سے ووٹ لیا مگر اقتدار میں آکر عوام کے تمام مسائل و مشکلات بھول گئے اور تحت اسلام آباد اور تحت لاہور کے حصول کیلئے خیبر پختونخوا کے وسائل کا بے دریغ استعمال کیاجس کا احتساب آئندہ عام انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے لینگے ۔