واقعہ کربلا تاریخ اسلام میں ہمیشہ زندہ رہیگا،مولانا عطاء الرحمن
تلہ گنگ (تحصیل رپورٹر) واقعہ کربلا تاریخ اسلام کے اوراق میں ہمیشہ زندہ رہے گانواسہ رسول ﷺ نے اسلام کے آفاقی اصولوں، دین مصطفیٰ ﷺکی حفاظت اور حق و سچ کی پہچان کے لئے حق وصداقت کا علم بلند کرکے ہمیں درس دیا کہ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنا سب کچھ لٹادینے والے ہی ہمیشہ کامیاب رہتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الرحمن قاسمی نے گزشتہ روز دھولرمیں نماز جمعہ کے موقع پر شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ظلم و کفر کی طاقتوں کے خلاف ڈٹ جانا اسوہ حسینیؓ ہے۔ نواسہ رسولﷺ نے دشمن کے سامنے ڈٹ کر ہمیں استقامت کا درس دیا سیدنا حضرت حسینؓ اور شہدائے کربلا کی قربانیاں حق و باطل کے درمیان فرق کو واضح کرنے کی ایسی عظیم مثال ہے جسکی نظیر نہیں ملتی۔ ہر سال حضرت سیدنا حسینؓ کی شہادت امت مسلمہ کو یہ یاددلاتی ہے کہ حق کی خاطر ایک مسلمان کو اپنا سب کچھ قربان کردینے کے لیے تیار رہنا چاہیے، محرم الحرام میں شہادت فاروقؓو حسینؓ ہمیں ایثار وقربانی کا درس دیتی ہے ۔مزید انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓاور اہلِ بیتؓ کی محبت ہر مومن کے ایمان کا جز ہے۔ صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؓعظام کا کردار خوفِ خدا اور عشقِ نبیﷺ سے عبارت ہے سیدنا حضرت حسینؓ نے باطل نظام کے آگے ڈٹ جانے کا درس دیا۔آج کے دور میں جبکہ باطل ہر طرف سے مسلمانوں پر حملہ آور ہے اس بات کی ضرورت مزید بڑھ جاتی ہے کہ مسلمان متحدہوکرظلم وستم کے خاتمے اور حق وانصاف کی بالادستی کے لیے وہی جذبہ اپنے اندر پیدا کریں جوسیدنا حضرت حسینؓ اور ان کے رفقاء کے اندر موجزن تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں مسلمانوں کیخلاف عالمی سازشوں سے نبرداآزما ہونے کیلئے حضرت حسینؓ کی روشن تعلیمات ان کی فکر اور قربانیوں سے درس لینا ہوگا۔ مسلم ممالک کے حکمراں قرآن و سنت اور حضرت حسینؓ کے افکار سے رہنمائی حاصل کریں تو دین اسلام کی عظمت رفتہ کو بلند او ربحال کرسکتے ہیں۔ کیونکہ انقلاب حسینیت کے جذبے سے ہی آتا ہے۔