24اکتوبر کا پروگرام نئے عزم وجذبے کیساتھ منایا جائیگا،نورین عارف

24اکتوبر کا پروگرام نئے عزم وجذبے کیساتھ منایا جائیگا،نورین عارف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد کشمیر کی وزیر صنعت وسماجی بہبود نورین عارف نے کہا ہے کہ 8اکتوبر زلزلہ شہداء کی برسی ۔24اکتوبر یوم تاسیس اور 27اکتوبر یوم سیاہ کے حوالہ سے تما م محکمہ جات اپنی اپنی ذمہ داریاں بروقت پوری کریں ۔ گزشتہ سال ہماری حکومت نے 24اکتوبر کا تاریخی پروگرام کروایا جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی ۔ رواں سال بھی 24اکتوبر کاپروگرام ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ منایا جائے گا جبکہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ بھر پور انداز میں منا کر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ کشمیری قوم نے بھارت کا جابرانہ تسلط مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا ان تقریبات کو بھرپور کوریج دے ۔ الیکٹرانک میڈیا مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں اجاگر کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کے روز 8اکتوبر ، 24اکتوبر اور 27اکتوبر کی تقریبات کے حوالے سے منعقد ہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری لیاقت حسین ، سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر راجہ محمد عباس خان ، سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل محمد ادریس عباسی ،سیکرٹری سماجی بہبود غلام بشیر مغل کے علاوہ سربراہان محکمہ جات ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود نے کہا کہ اہم قومی ایام اور تحریک آزادی سے متعلق تقریبات کو بامقصد طریقہ سے منایا جائے اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے تاکہ متارکہ کے اس پار مثبت پیغام جائے ۔ انہوں نے کہا کہ 8اکتوبر کو شہدائے زلزلہ کی برسی کی تقریبات عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائیں گی اس سلسلہ میں سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عوام کو قدرتی آفات سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے خصوصی پروگرام تشکیل دے ۔ انہوں نے کہا کہ 24اکتوبر کو یوم تاسیس کا پروگرام بھی شاندا ر طریقے سے منایا جائیگا۔ اس حوالہ سے تمام محکمہ جات اپنے فرائض بھرپور انداز سے سرانجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر کو یوم سیاہ کی تقریب میں ہر مکتبہ فکر کے افراد شرکت کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ کشمیری قوم کبھی بھی بھارتی جابرانہ تسلط قبول نہیں کیا اور اب وہ دن زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں بھی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔