آغوش الخدمت ہالا کی تقریب سنگِ بنیاد رواں ماہ ہوگی
کراچی )اسٹاف رپورٹر( الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کی آغوش کمیٹی کا اجلاس ریجنل دفتر قبا کمپلیکس میں منعقد ہوا ۔ ڈائیریکٹر کفالتِ یتامی ٰ پروگرام اور نائب صدر الخدمت سندھ سید محمد یونس کی زیر صدارات اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آغوش الخدمت ہالا کی تقریب سنگِ بنیادرواں ماہ کی 15تاریخ کوکی جائے گی جس میں کراچی سمیت اندرون سندھ کی معروف سیاسی اور سماجی شخصیات شرکت کریں گی ۔سید محمد یونس نے کہا کہ یتیم بچوں کے بڑے رہائشی منصوبے آغوش کی تعمیرات کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے گاجس کے بعد سندھ بھر کے200سے زائد یتیم اور بے سہارا بچوں کو رہائش اور تعلیم و تربیت کے ساتھ ذہنی نشونما کی سہولیات کو ممکن بنائیں گے۔واضح رہے کہ اس وقت الخدمت فاؤنڈیشن ، اندرون سندھ 500یتیم بچوں کی کفالت اُن ہی کے گھر پر کر رہی ہے جبکہ ملک بھر میں 7ہزارسے زائد بچوں کی کفالت کی جارہی ہے ،اس کے علاوہ یتیم بچوں کے رہائشی منصوبے الخدمت آغوش سینٹرز اٹک،راولپنڈی،اسلام آباد(گرلز)، راولاکوٹ، باغ،پشاور، مانسہرہ اور شیخوپورہ میں 609 بچے قیام پذیر ہیں جبکہ ان سنٹرز میں مجموعی طور پر 790یتیم بچوں کی گنجائش موجود ہے۔اسی طرح آغوش سنٹرز مری، کراچی،گوجرانوالہ اور دیرکے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جن میں مجموعی طور پر820بچوں کی گنجائش ہوگی ۔