مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کا اجلاس، چوہدری نثار نواز شریف کے ساتھ آئیں گے: ذرائع

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ ن کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے لیکن ایسے میں چوہدری نثار علی خان کنونشن سنٹر میں نظر نہیں آ رہے ۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کا اجلاس کنونشن سنٹر اسلام آباد میں جاری ہے جس میں پارٹی کے اہم رہنما شرکت کیلئے پہنچ گئے ہیں تاہم چوہدری نثار علی خان ابھی تک اجلاس میں نہیں پہنچے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ کنونشن سنٹر میں آئیں گے۔
واضح رہے کہ انتخابی اصلاحات میں ترمیم کا قانون منظور ہونے کے بعد نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ ن کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے۔ کنونشن سنٹر میں ہونے والے انتخاب میں نواز شریف کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے باعث وہ بلا مقابلہ صدر منتخب ہوگئے ہیں ۔