عمران خان نااہلی کیس: بنی گالا اراضی بے نامی ہوبھی تو اصل مالک جمائما تھیں، عدالت

عمران خان نااہلی کیس: بنی گالا اراضی بے نامی ہوبھی تو اصل مالک جمائما تھیں، ...
 عمران خان نااہلی کیس: بنی گالا اراضی بے نامی ہوبھی تو اصل مالک جمائما تھیں، عدالت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ بنی گالا اراضی بے نامی ہو بھی تو اصل مالک جمائما تھی، صرف چھ اعشاریہ 5فیصد رقم کی ٹریل ثابت نہیں ہوئی۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل تین رکنی بنچ تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ اور عمران خان کی نااہلی کی درخواست کی سماعت کر رہا ہے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نیازی سروسز لندن فلیٹ کا ٹیکس بچانے کےلئے بنائی گئی، اس کے اکاؤنٹ میں عمران خان کی ذاتی رقم بھی آتی رہی جبکہ 2003کے بعد اکاؤنٹ کی تفصیلات بھی نہیں دی گئیں۔درخواست گزار کے مطابق اکاؤنٹ میں موجود 99ہزار پاونڈ بھی ظاہر کرنے چاہیے تھے۔
درخواست گزار مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پیش کی گئی دستاویزات شکوک وشبہات سے بالاتر ہونا چاہئے تھیں، دستاویزات مشکوک ہیں، 2خطوط پیش کئے گئے جن کے دستخط آپس میں مل نہیں رہے۔
اکرم شیخ نے کہا کہ کوئی بھی وکیل ایسی دستاویزات سپریم کورٹ کے سامنے پیش نہیں کرسکتا، آپ کے سامنے دستاویزات رکھنے کا مطلب ہے خوب چھلنی سے گزار کر رکھا گیا، یہ امید نہیں کی جاسکتی تھی کہ دستاویزات مشکوک ہوں گی۔
تاہم اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کا کیس آفشور کمپنی تک محدود ہے۔
جسٹس عمر عطا نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے ہمیں اکاونٹنٹ سمجھ رکھا ہے؟ آپ میاں بیوی کی چھوٹی چھوٹی چیزیں یہاں لاکررکھ دیتے ہیں۔
اس پر حنیف عباسی کے وکیل نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سر تسلیم خم ہے، میں آپ سے ایسا کوئی کام نہیں لے سکتا، غیر ضروری چیزیں نہیں دہراؤں گا، میرا کیس عمران خان کی ٹیکس ادائیگی کا نہیں اثاثے ظاہر نہ کرنے کا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عمران خان نے تین ٹرانزیکشنز ثابت کردی ہیں، صرف مئی میں آنے والی رقم ثابت نہیں ہوسکی۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کے خلاف نااہلی کیس پر دلائل مکمل کرلی۔ کل جہانگیر ترین کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت ہوگی۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -