ختم نبوت ﷺ جزو ایمان ، کوئی ترمیم نہیں کی: وزیر قانون

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا ہے کہ ختم نبوتﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، اس کے خلاف کسی بھی اقدام کا سوچ بھی نہیں سکتے، الیکشن اصلاحات بل میں ختم نبوت ﷺ کا کالم ہو بہو ہے اور اس کو ختم کرنے کے حوالے سے چلنے والی خبریں بالکل بے بنیاد ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کا کہنا تھا کہ الیکشن اصلاحات بل کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی،اس دوران سیاسی جماعتوں کی طرف سے600 سے زائد تجاویزسامنے آئیں، الیکشن کمیشن سے متعلق 8قوانین کویکجاکرکے اصلاحات کی گئیں جبکہ انتخابات بل کی شق203 میں ترمیم کے حوالے سے کسی نے اعتراض نہیں کیا، دونوں ایوان اس شق میں ترمیم کے لئے متفق تھے۔ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے شور مچایا جا رہا ہے کہ ایک شخص کو فائدہ پہنچانے کے لئے قانون لایا جا رہا ہے حالانکہ انتخابی اصلاحات بل موجودہ حکومت نے متعارف کرایا، 40سال بعد ہم نے الیکشن کے حوالے سے نیاقانون پاس کیا، یہ موجودہ حکومت کا سب سے بڑا کام ہے۔ ختم نبوت ﷺ کے حوالے سے بل میں بھی کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی ، ختم نبوت ﷺ والا پیرا بالکل ویسا ہی ہے ۔بل منظوری کے وقت سب خاموش رہے اور اب شور مچا رہے ہیں جو کہ ہماری سمجھ سے بالاتر ہے۔