پنجاب روزگار سکیم وزیراعظم کے وعدے کی تکمیل ہے، راشد حفیظ 

  پنجاب روزگار سکیم وزیراعظم کے وعدے کی تکمیل ہے، راشد حفیظ 

  

لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ پنجاب روزگار سکیم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن اور یوتھ کو روزگار دینے کے وعدے کی تکمیل کی مظہر ہے جس سے پڑھے لکھے، ہنر مند، غیر ہنر مند نوجوان مرد و خواتین یکساں استفادہ کرتے ہوئے اپنا باعزت روزگار قائم کرکے نہ صرف اپنی غربت و محرومی کا ازالہ کریں گے بلکہ وہ ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں بھی فعال ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور پنجاب حکومت مبارکباد اور عوام کے خصوصی شکریہ کی مستحق ہے جنہوں نے پنجاب بلکہ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا روزگار پیکیج دے کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے جو ریاست مدینہ کی جانب سفر کا اہم سنگ میل ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی کالج میں طلباء وطالبات کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 30 ارب روپے کی خطیر رقم بے روزگار نوجوانوں میں انتہائی آسان شرائط کے ساتھ تقسیم کی جائیگی۔

جس سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ فائدہ اٹھائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ سکیم ہمہ جہت مقاصد کی حامل ہے جس سے صنعت و تجارت کو فروغ ملے گا اور بالخصوص کاٹیج انڈسٹری بہت ترقی کرے گی۔ نوجوان اپنا روزگار بنا کر نہ صرف خودباروزگار ہونگے بلکہ وہ اس قابل بھی ہو جائیں گے کہ دوسروں کو بھی نوکریاں دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے ماہ و سال میں عوام کی بہبود اور فلاح کیلئے مزید سکیمیں بھی لائی جائیں گی جس سے غربت کی سطح میں کمی ہوگی اور عوام خوشحالی کی منزل پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب روزگار سکیم ہمارے خلوص اور عہد نبھانے کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت پنجاب تمام وسائل عوام کی قدموں پر نچھاور کر رہی ہے اور اس وقت پنجاب میں بے شمار ایسے ترقیاتی منصوبے زیر عمل ہیں جو عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے حامل ہیں۔ ہم اپنے وعدوں کی بتدریج تکمیل کرکے کھوکھلے نعروں کی سیاست کو دفن کر رہے ہیں۔ ملک کے نوجوانوں کو چائییے کہ وہ اپنی حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ ملک کو کرپشن سے پاک کرکے لوٹ مار کی نذر ہونے والا پیسہ بچایا اور اسے عوامی بہبود پر خرچ کیا جائے۔   

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -