ریاست مدینہ کی تشکیل کیلئے داتا گنج بخشؒ کے افکار کو اپنانا ہو گا،سعید الحسن

  ریاست مدینہ کی تشکیل کیلئے داتا گنج بخشؒ کے افکار کو اپنانا ہو گا،سعید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(فلم رپورٹر) وزیر اوقاف پنجاب پیر سید سعید الحسن شاہ، سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے داتا دربار میں منعقدہ سہ روزہ ”عالمی کانفرنس“کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کی تشکیل کے لئے، سیّد ہجویر کے افکار کو اپنانا ہوگا۔ برصغیر میں حضرت داتا گنج بخشؒ کی شخصیت ان برگزیدہ ہستیوں میں سرفہرست ہے جنہوں نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت میں تاریخ ساز کردار ادا کیا۔ آپ کا آستانِ فیض نہ صرف برصغیر بلکہ پوری اسلامی دنیا میں قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ آج بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے عوامل کی بیخ کنی کے لئے ضروری ہے کہ ہم حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ اور اس خطے کے دیگر صوفیاء کی تعلیمات سے اکتسابِ فیض کریں۔ یہ صوفیاء امن کے علمبردار اور انسان دوستی کے امین تھے۔ ان کی خانقاہیں بلاامتیاز مسلک ومذہب ہر ایک کے لئے فیضِ عام کا ذریعہ تھیں۔ ان کے مزارات امن کے مرکز اور محبتوں والفتوں کے امین تھے۔ ان کی درگاہیں علم کے سب سے بڑے مراکز اور تزکیہ وطہارت کے عظیم ترین مسکن تھے۔ 

آج دنیامیں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ اور روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے حضرت داتا گنج بخشؒ  اور ان جیسے دیگر صوفیاء کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔کانفرنس، جس کا مرکزی موضوع”ریاست مدینہ اور سیّد ہجویر ؒ کی تعلیمات“تھا۔مقررین جن میں سے  سیداصغر زیدی (وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور)،مفتی محمد رمضان سیالوی (خطیب داتا دربار)، قاسم علی شاہ (لاہور)، علی اکبر رضائی فرد (ایران)، سجادمیر (لاہور)، الشیخ السید اسرارالحسن شاہ(برطانیہ)، الشیخ خالد الشامی الیمنی(یمن)، ڈاکٹر شفاقت علی البغدادی (بغداد)، علامہ ظفر محمود فراشوی (برطانیہ)، راجا رشید محمود، ڈاکٹر محمد سلطان شاہ(جی سی یونیورسٹی)، الشیخ فضل بن محمد القیروانی التونسی(تیونس)، سید محمد عرفان شاہ (نیویارک، امریکہ)شامل ہیں۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  بلاشبہ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ اُس عظیم قافلہئ علم وحکمت اور شریعت وطریقت کے سرخیل تھے، جن کے دم قدم سے یہ برصغیر اسلام کے نور سے منوّر ہوا۔ آپ رحمۃ اللہ علیہ کی شہرہئ آفاق تصنیف ”کشف المحجوب“، جس کا شمار تصوّف کی اُمہات کتب میں ہوتا ہے، سے انسانیت گذشتہ ایک ہزار سال سے اکتسابِ فیض کر رہی ہے۔