متحدہ تجدید طب کونسل کاقیام،تنظیمی امور مشاورت سے چلانے کا فیصلہ

  متحدہ تجدید طب کونسل کاقیام،تنظیمی امور مشاورت سے چلانے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (پ ر)  طب مفرد اعضاء کی تمام تنظیموں کے سربراہان کا اہم ترین اجلاس گزشتہ روز فیضان البرکت دارالشفاء میں ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر علاج بالغذاء کی مرکزی باڈی کا قیام اور الیکشن  نیشنل فارطب کونسل کے حوالہ سے اہم مشاورت ہوئی۔ طب مفرد اعضاء کی اس مرکزی میٹنگ میں تمام تنظیموں سے سربراہان کے ساتھ تین تین ارکان نے شرکت کی۔ تحریک تجدید طب پاکستان سے حکیم محمد یعقوب اطہر، حکیم چوہدری شبیر احمد راں، حکیم محمد اصغر، حکیم انقلاب طبی کونسل پاکستان سے حکیم محمد شفیع طالب قادری، حکیم و ڈاکٹر محمد عابد شفیع، حکیم غلام فرید میر، تجدید طب فیصل آباد سے حکیم ظفر اللہ انبالوی، ودیگرنے شرکت کی۔ میٹنگ میں ووٹنگ کے نظام سے تمام مشاورتی امور طے پائے۔طب مفرد اعضاء کی تمام تنظیموں کی مرکزی کونسل  " متحدہ تجدید طب کونسل " کا قیام بھرپور مشاورت کے بعد عمل میں لایا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام تنظیمی امور کو مرکزی قیادت کی مشاورت سے چلایا جائے گا۔

اور مرکزی دفتر ضلع لاہور میں قائم ہوگا۔ تمام تنظیمیں اپنی اپنی سطح پر مرکزی کونسل کے فروغ کیلئے مل جل کر کام کریں گی۔ ذاتی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر طب اور طبیب کی بقاء کیلئے بالخصوص طب مفرد اعضاء علاج بالغذاء کی ترویج و ترقی کیلئے تمام ذرائع کو بروئے کار لایا جائے گا۔ اجلاس میں طے پایا کہ علاج بالغذاء کے حوالہ سے مصنفہ و مرتبہ طبی کتب کی اشاعت کیلئے مرکزی باڈی  سے منظوری لینا ضروری ہوگا۔ اس کے علاوہ ایک مرکزی منشور بھی اجلاس کے شرکاء کو تقسیم کیا گیا۔ تنظیمی امور کو چلانے کیلئے ذیلی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا اور انہیں ان کے فرائض سے آگاہی دی گئی۔ میٹنگ کے اختتام پر طب مفرد اعضاء کیلئے اپنی زندگیاں وقف کرنے والی تمام بزرگ شخصیات جن میں حکیم الحاج غلام رسول بھٹہ، حکیم یٰسین چاولہ، حکیم ملک خیر الدین ڈوگر، حکیم محمد رفیق صابر اور دیگر بزرگ اقابرین کی خدمات کو سراہا گیا۔   حضرت دوست محمد صابر ملتانی  ؒ کو خراج عقیدت کے ساتھ ساتھ انکی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتح خوانی بھی کی گئی۔