تخت بھائی،ڈبلیو ایس ایس سی کے نئے چیف ایگزیکٹو انجینئر امیر خان مہمند نے چارج سنبھال لیا 

تخت بھائی،ڈبلیو ایس ایس سی کے نئے چیف ایگزیکٹو انجینئر امیر خان مہمند نے ...

  

تخت بھائی (تحصیل رپورٹر )   واٹر اینڈ سینٹیشن سروسز کمپنی کے نئے چیف ایگزیکٹو انجنیئرامیر خان مہمند نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر کام شروع کر دیا ہے۔ اس سے قبل وہ صوبائی دار الحکومت پشاور کی واٹر اینڈ سیٹیشن سروسز میں پراجیکٹس، آپریشنز اور پلاننگ کے جنرل منیجر کے عہدے پر فائز رہے۔انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد کمپنی کے انتظامی افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مردان شہر کی صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کمپنی کے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو میونسپل خدمات کی بروقت فراہمی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور توانائیوں کو بروئے کار لائیں۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ معاشرے کا ہر فرد صفائی،پانی کی حفاظت اور ماحول کا خیال رکھیں اور پانی کے ضیاع اور غیر متعین شدہ مقامات پر کوڑا کرکٹ اور کچرہ ڈالنے سے اجتناب کریں کیونکہ صاف اور شفاف ماحول ہی انسانیت کو محفوظ بنا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ ہمارا قومی،اخلاقی اور دینی فریضہ ہے۔" صفائی نصف ایمان ہے "اس کو اپنا مشن بنا کر ہر شہری اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے آپریشنز ٹیم کے ہمراہ مردان شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سوک ایجوکیشن او رسماجی آگاہی پھیلانا بھی کمپنی کا بنیادی مشن ہے۔جب تک سماجی شعور نہیں آتا ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ مردان شہر کی صفائی اور ستھرائی میں کمپنی کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صاف مردان اور صاف پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -